آج کی تاریخ

نائب وزیراعظم اور افغان وزیر خارجہ کا سفارتی تعلقات مضبوط کرنے اور اعتماد کی فضا کو فروغ دینے کا عزم

اسلام آباد: نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور افغانستان کے عبوری وزیر خارجہ امیر خان متقی کے درمیان ایک اہم ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات کو سفیر کی سطح پر اپ گریڈ کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا گیا۔
افغان وزیر خارجہ نے ٹیلیفونک گفتگو میں پاکستان کے حالیہ اقدام کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان بھی اپنے سفارتی مشن کو سفیر کی سطح تک بڑھانے کا فیصلہ کر چکا ہے۔ یہ اقدام دونوں ممالک کے باہمی تعلقات میں ایک مثبت پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
اس رابطے میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے 19 اپریل 2025 کو کابل کے دورے کے دوران طے پانے والے اہم فیصلوں پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی اعتماد کو فروغ دینے اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
مزید گفتگو میں ازبکستان-افغانستان-پاکستان (UAP) ریلوے لائن منصوبے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے اس معاہدے کو جلد حتمی شکل دینے اور اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے قریبی اشتراک پر اتفاق کیا۔
یہ پیش رفت خطے میں روابط کو مستحکم کرنے اور اقتصادی ترقی کی راہ ہموار کرنے میں ایک اہم قدم سمجھی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ اسحاق ڈار نے حالیہ دنوں میں افغانستان میں پاکستانی سفارتخانے کو سفیر کی سطح تک بڑھانے کا اعلان کیا تھا، جس کے جواب میں افغانستان نے بھی اسلام آباد میں اپنے ناظم الامور کو سفیر کے عہدے تک ترقی دے دی تھی۔

شیئر کریں

:مزید خبریں