ملتان ( رفیق قریشی سے )میپکو کا ترسیلی و تقسیمی نظام گرمی کی شدت برداشت نہ کر سکا کروڑوں روپے کی لاگت سے سسٹم کی اپ گریڈیشن کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے رواں سال بھی سسٹم میں بہتری نہ آ سکی ،گزشتہ شب بجلی کے استعمال میں غیر معمولی اضافہ کے ساتھ ہی میپکو کا سسٹم لوڈ برداشت نہ کر سکا انتظامیہ نے ہنگامی طور پر گرڈ سٹیشنوں کے درجنوں فیڈر سے شہریوں کو بجلی کی فراہمی معطل کردی جس سے شہر کی نصف سے زائد آبادی کئی گھنٹوں تک بجلی سے محروم رہی شدید گرمی میں بجلی کی بندش نے شہروں کی زندگی اجیرن کر دی بزرگ بچے بڑے شدید گرمی میں بلکتے رہے شہری بجلی کی طویل بندش کی وجہ معلوم کرنے کے لیے میپکو کے شکایات سینٹر فون کرتے رہے لیکن مسلسل فون “” مصروف” کی “ٹون” بجتی رہی شہری جواب نہ پاکر مایوس ہوگئے جبکہ اتوار کے روزبوسن روڈ گرڈ کی سالانہ مینٹیننس کے نام پر صبح نو بجے سے دن ڈھائی بجے تک مسلسل پانچ گھنٹے سے زائد درجنوں فیڈر سے منسلک ہزاروں صارفین بجلی سے محروم رہے بجلی طویل بندش کی وجہ سے میپکو صارفین کو سخت مشکلات کا سامناکرنا پڑا گھنٹوں بجلی کی عدم فراہمی پرمیپکو انتظامیہ کو کوستے رہے میپکو صارفین اللہ نواز محمد ساجد ملک زبیر مزمل حسین عمران علی نے میپکو اتھارٹی کو مخاطب کر کے کہا کہ مینٹی ننس سردیوں میں کیوں نہیں کی جاتی شدید گرمی میں گرڈ اسٹیشنوں کی دیکھ بھال کے نام پر طویل بجلی کی بندش کر کے شہریوں کو اذیت میں کیوں مبتلا کیا جاتا ہے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی کی طویل بندش کا سلسلہ بند کیا جائے اور سسٹم کی اپگریڈیشن پر خرچ کیے گئے فنڈز کی تحقیقات کرائی جائے ۔
