آج کی تاریخ

میپکو افسران کی عوام کے ٹیکس سے ٹھنڈے کمروں میں گھنٹوں آن لائن میٹنگ، صارفین گرمی میں خوار

ملتان ( رفیق قریشی سے ) میپکوافسران عوام کے ٹیکس سے ٹھنڈےکمروں میں گھنٹوں آن لائن میٹنگ میں مصروف ،صارفین گرمی میں خوار ہونےلگے۔ میپکو سرکلز، ڈویژنل اور سب ڈویژنل افسران دفتر میں موجود ہونے کے باوجود سائلین اور میپکو صارفین کی پہنچ سے دور ہو گئے ۔میپکو افسران نے صبح نو بجے سے دن 12 بجے تک اپنے دفاتر کے باہر دربان بٹھا دیے۔ صبح 10 بجے معمولی شکایت کے ازالے کے لیے آنے والے صارفین کو یہ کہہ کر افسر کے کمرے سے دور کردیا جاتا ہے کہ صاحب آن لائن میٹنگ میں مصروف ہیں آپ نہیں مل سکتے انتظار کریں۔ میٹنگ ختم ہوگی تو ملاقات ہو جائے گی۔ صارفین بے بسی کی تصویر بن کر بنچوں پر بیٹھ جاتے ہیں۔ آن لائن میٹنگ ختم ہونے کا انتظار کرتے ہیں۔ صارفین دو گھنٹے تک آن لائن میٹنگ کے ختم ہونے کا انتظار کرتے ہیں گویا صارفین اپنے قیمتی دو گھنٹے افسران کی نذر کر دیتے ہیں اور ان سے پوچھنے والا کوئی نہیں۔ واضح رہے کہ یہ عمل میپکو ریجن کے تمام سرکلز ڈویژنل اور سب ڈویژنل دفاتر کے ٹھنڈے کمروں میں’’میٹنگ میٹنگ‘‘کا کھیل طویل عرصے سے جاری ہے۔ پہلی آن لائن میٹنگ صبح نو بجے سیکرٹریوزارت توانائی ہینڈ کرتے ہیں جس میں تمام ڈسکوز کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز جنرل منیجرز، چیف انجینئرز، سپرنٹنڈنگ انجینئرز ( ایس ایز )شامل ہوتے ہیں جو ایک سے دو گھنٹے تک جاری رہتی ہے۔ دوسری میٹنگ ہر سرکل کا سپرنٹنڈنگ انجینئر ایس ایز ہیڈ کرتا ہے جسمیں ایکسین اور سب ڈویژنل افسران شریک ہوتے ہیں اس دوران تمام دفتری امور ٹھپ ہو جاتے ہیں ہر افسر اپنے لیپ ٹاپ یا موبائل کے سامنے ساکت ہو کر آن لائن میٹنگ میں شریک رہتا ہے اور دفاتر کے کمروں کے باہر میپکو صارفین اور سائلین میٹنگ جلد ختم ہونے کے لیے دعائیں کررہے ہوتے ہیں۔ متعدد صارفین کا کہنا تھا کہ گرمی کی شدت سے بچنے کے لیے صبح نو بجے جلدی دفتر آجاتے ہیں تاکہ افسران سے مل کر اپنی شکایت دور کرا سکیں لیکن یہاں تو معاملہ بالکل الٹ ہے تین گھنٹے تک طویل انتظار کرتے کرتے دن کے 12 بج جاتے ہیں اور سورج نصف النہار پر آجاتا جاتا ہے صارفین کی شکایت کا ازالہ ہو یا نہ ہو لیکن گرمی کی شدت کا سامنا ضرور کرنا پڑتا ہے اتھارٹی اس کا نوٹس لے کم ازکم ڈویژنل اور سب ڈویژنل افسران کی آن لائن میٹنگ کا وقت تبدیل کردیا جائے تاکہ شکایات کے ازلے اور مسائل کے حل کرانے کےلیے آنے والے میپکو صارفین گرمی کی شدت سے بچ سکیں میپکو ترجمان سے جب اس صورتحال کے بارے میں پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھاا تھارٹی نے اس کی کوئی ہدایت نہیں کی کہ میٹنگ کے دوران آپ نے سائلین اور صارفین کے مسائل نہیں سننے میں وہ خود میٹنگ کے دوران دفتری امور انجام دیتے رہتے ہیں اور اپنی باری پر یا ان سے کوئی سوال کیا جائے تو وہ اس کا جواب دیتے ہیں اور سب ڈویژنل افسران کو بھی ایسا کرنا چاہیے۔ آن لائن میٹنگز کا مقصد ہرگزمیپکو صارفین کو پریشان کرنا نہیں بلکہ میپکو صارفین کے مسائل حل کرنا اور شکایات کا فوری ازالہ ہے ۔

شیئر کریں

:مزید خبریں