آج کی تاریخ

ملکی معیشت کی ترقی میں دیہی خواتین کا کردار ناقابل فراموش ہے، وزیراعلیٰ پنجاب

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے دیہی خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یہ دن ان خواتین کی انتھک محنت، جدوجہد اور خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے منایا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کی دیہی خواتین محنت، محبت، قربانی اور احساسِ ذمہ داری کی حقیقی علامت ہیں۔ انہی کے عزم و ہمت سے صوبے کی زمینیں زرخیز، گھر خوشحال اور معیشت مضبوط ہے۔
مریم نواز شریف نے مزید کہا کہ دیہی عورت صرف کھیتوں میں کام کرنے والی نہیں بلکہ پنجاب کی ترقی کی حقیقی شراکت دار ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ خواتین کا تحفظ ان کی “ریڈ لائن” ہے، اور وہ چاہتی ہیں کہ دیہی خواتین کسان ہونے کے ساتھ ساتھ فیصلہ سازی اور معیشت کے میدان میں بھی نمایاں کردار ادا کریں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کے مطابق حکومت خواتین کے لیے نئے مواقع اور سہولتیں فراہم کر رہی ہے، جن میں کسان کارڈ، لائیو اسٹاک کارڈ اور ہمت کارڈ شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بنیادی مراکزِ صحت کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے جبکہ بلاسود قرضے، لیپ ٹاپس اور تعلیمی وظائف کے ذریعے دیہی بیٹیوں کی زندگیاں بہتر ہو رہی ہیں۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ اسکل ڈویلپمنٹ پروگرامز، مویشیوں کی فراہمی اور ورچوئل پولیس اسٹیشن جیسے اقدامات سے خواتین کو بااختیار بنایا جا رہا ہے اور ان کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں