بہاولپور (کرائم سیل)بین الصوبائی موٹر سائیکل ریسر / ون ویلرز 46 گروپ کے بہاولپور میں ڈیرے، پولیس نے ملوث 23نوجوانوں کو دھر لیا۔ مقامی ریسرز کے ساتھ مل کر جمعہ کے روز چوک اعظم پر بچوں کو اکٹھا کر کے ریس لگانے کا پروگرام تو تھانہ صدر اور سمہ سٹہ پولیس نے ناکام بنا دیا مگر با اثر بہاولپور کے ریسرز نے اسی شام احمد پور روڈ پر موٹر سائیکلوں کی ویلنگ کر کے قانون کا تماشہ اڑا دیا۔ ریسرز کی خواتین کو بھی موٹر سائیکلوں پر بٹھا کر کرتب کرنے کی ویڈیوز میڈیا کو موصول ہوئیں۔ون ویلنگ اور تیز رفتاری کے کئی مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ریسروں کے خلاف بہاولپور پولیس موثر کارروائی کرے تاکہ بچوں کا مستقبل محفوظ ہو سکے: والدین۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ کئی واقعات میں موٹر سائیکل ریسنگ اور ون ویلنگ سے کئی نوجوان موت کی وادی میں پہنچ چکے ہیں جبکہ کئی زندگی بھر کی معذوری کا شکار ہو چکے ہیں۔ گزشتہ جمعہ کے روز بہاولپور کے ایک نوجوان شعیب بلوچ نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو پیغام میں بہاولپور کے بائیکرز اور ون ویلنگ کرنے والے نوجوانوں کو چوک اعظم پر اکٹھا ہونے کا پیغام دیا اور انہیں بتایا کہ سنی بچہ اور جانی 46 نامی بائیکر بھی آ رہے ہیں۔ اسی طرح منا نامی بائیکر جو زنانہ ہسپتال روڈ کا رہائشی اور نانو جو کہ پھٹے والی گلی کا رہائشی ہے، موٹر سائیکل ریسوں کے ماہر ہیں، کی موجودگی کے بارے میں بھی پیغامات نشر کیے گئے۔ مقامی میڈیا کی نشاندہی پر پولیس نے فوری ایکشن لیتے ہوئے اس پروگرام کو کینسل کروایا مگر اطلاعات کے مطابق انتظامیہ کی جانب سے سختی کے بعد یہ لوگ چوک اعظم سے ہٹ کر احمد پور روڈ پر ریسنگ اور ون ویلنگ کرتے رہے جس کی ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہیںجس کی وجہ سے بچوں کے والدین شدید اضطراب کا شکار ہیں اور بہاولپور انتظامیہ سے اپیل کر رہے ہیں کہ ان بائیکرز، ان کے سپورٹرز اور یہ پروگرام ارینج کرنے والوں کے خلاف موثر کارروائی کی جائے تاکہ آئندہ اس قسم کے جان لیوا پروگرام نہ بن سکیں۔کیونکہ یہ گروپ جو 46 کے نام سے مشہور ہے نوجوان بچوں اور بچیوں کو ون ویلنگ اور تیز رفتار موٹر سائیکل چلانے کی ترغیب دے کر ان کی ذہن سازی کر کے خطرناک شوق کی جانب مائل کر رہے ہیں جس سے کافی ساری قیمتی جانیں پہلے بھی ضائع ہو چکی ہیں اب اگر ضلعی انتظامیہ نے اس پر کوئی کارروائی نہ کی تو آئندہ بھی اس قسم کے واقعات رونما ہو سکتے ہیں جن میں قیمتی جانیں ضائع ہونے کا خطرہ ہے۔دریں اثناگزشتہ روز بہاولپور پولیس نے ون ویلنگ میں ملوث 23 لڑکوں کو گرفتار کر کے تھانہ صدر بہاولپور میں مقدمات درج کر لیے ہیں۔ تاہم ان گرفتار شدگان میں اکثریت صرف تماشبین لڑکے شامل ہیںجب کہ اصل ون ویلرز کو گرفتار نہیں کیا جا سکا۔







