ملتان (سپیشل رپورٹر)ممبر قومی اسمبلی و چیف وہپ پی ٹی آئی برائے قومی اسمبلی ملک محمد عا مر ڈوگرنےکہاہےکہ جنوبی پنجاب، خاص طور پر ملتان میں، ڈینگی وائرس کا پھیلاؤ تیزی سے بڑھ رہا ہے، جس کی وجہ سے عوام میں خوف کی لہر دوڑ گئی ہے۔ یہ وائرس بے قابو ہو چکا ہے اور صوبائی حکومت پنجاب اور ضلعی انتظامیہ ملتان کی نااہلی اور بد انتظامی کے سبب ہر دوسرے گھر میں متاثرہ افراد موجود ہیں۔ ذرائع ابلاغ کو درست اعدادوشمار مہیا نہیں کئے جا رہے۔ جبکہ حکومتی دعوؤں کے برعکس صورتحال خطرناک شکل اختیار کر چکی ہے۔ نشتر ہسپتال سمیت سرکاری اور نجی ہسپتالوں میں مریضوں کا رش بہت زیادہ ہے۔ ایک ماہ میں نشتر ہسپتال میں 60 ڈے زائد مثبت کیسز سامنے آ چکے ہیں، اور 200 سے زائد مریضوں کو شبہ کی بنیاد پر داخل کیا گیا ہے۔ فیصل آباد اور ملتان میں کیسز خوفناک حد تک بڑھ رہے ہیں، سوشل میڈیا پر بھی لوگ نشتر ہسپتال کی بھاگ دوڑ اور نو انٹری کی شکایات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت 27 ویں آئینی ترمیم کے دفاع اور عمران خان اور بشریٰ بی بی کی کردار کشی میں مصروف ہے جبکہ عوام ڈینگی وائرس بخار میں بے یارو مددگار پڑے ہیں۔ جنوبی پنجاب بالخصوص ملتان میں ڈینگی وائرس سے بچاؤ کیلئے منظم انداز سے سپرے نہیں کیا جارہا۔ صرف سیاسی وابستگی اور سفارش پر چند مخصوص علاقوں میں یہ سہولت مہیا کردی جاتی ہے۔ جبکہ صوبائی حکومت نےڈینگی وائرس کے ضمن گھر گھر جانے والی خصوصی ٹیمیں نوکری سے فارغ کر دی گئی ہیں جس کے سبب اس سال یہ وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے۔ ملک محمد عامر ڈوگر نے مطالبہ کیا کہ ڈینگی ٹیموں کو بحال کرتے ہوئےصوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ ہنگامی حالت نافذ کرتے ہوئے شہریوں کو ڈینگی وائرس سے بچاؤ کے اقدامات کرے ۔ ہر علاقے میں منظم سپرے کیا جائے اور سرکاری ہسپتالوں میں خصوصی وارڈز بنا کر شہریوں کو علاج معالجے کی سہولیات فراہم کی جائیں ۔







