لاہور: پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے الزام عائد کیا ہے کہ ملک میں دہشت گردی کی نئی لہر کے ذمہ دار عمران خان ہیں، کیونکہ وہی دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو دوبارہ ملک میں لے کر آئے۔
اپنے بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف نے اپنے دورِ حکومت میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے قوم کو متحد کیا اور متفقہ نیشنل ایکشن پلان بنایا، جس کے نتیجے میں ملک میں امن قائم ہوا۔ لیکن عمران خان نے اس پالیسی کو پسِ پشت ڈال کر دہشت گردوں کو دوبارہ سہولت فراہم کی۔
انہوں نے کہا کہ 2018 کے بعد خیبر پختونخوا میں دہشت گردوں کی پشت پناہی کی گئی، اور یہ سب کچھ عمران خان کے دور میں ہوا۔ آج جو پاکستانی دہشت گردی کا نشانہ بن رہے ہیں، ان کے خون کے ذمہ دار عمران خان ہیں۔
مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ نواز شریف کے مضبوط عزم سے دہشت گردوں کے خلاف جامع اور مؤثر آپریشن کیا گیا تھا، جس نے پاکستان کو محفوظ بنایا، مگر عمران خان نے نہ صرف دہشت گردوں کو پناہ دی بلکہ ان کی مالی اور سیاسی مدد بھی کی۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کی شروعات ان سہولت کاروں سے ہونی چاہیے جنہوں نے دہشت گردوں کو طاقت دی۔ پاکستانی افواج، پولیس، رینجرز اور عوام نے دہشت گردی کے خلاف بے مثال قربانیاں دیں، اور عمران خان نے ان قربانیوں کی توہین کی۔








