بہاولپور (کرائم سیل)روزنامہ قوم میں محکمہ جنگلات بہاولپور میں بڑے پیمانے پر کرپشن، تر قیا تی منصوبوں، ری سیڈنگ اور پلانٹیشن میں بے ضابطگیوں اور لکڑی چوری کی مسلسل نشاندہی کے بعد سیکرٹری جنگلات نے فوری ایکشن لیتے ہوئے کنزرویٹر بہاولپور کامران کاظمی کو عہدے سے ہٹا دیا۔جبکہ چیف کنزرویٹر ملتان نواز سندھیلہ کرپشن کے الزامات پر انکوائریوں سے بچنے کے لیے بیماری کا بہانہ کر کے چھٹی پر چلے گئے کامران کاظمی جو گریڈ 18 کے افسر ہیں، انہیں اصل رینک پر ڈی ایف او راولپنڈی تعینات کر دیا گیا ہے، جبکہ ان کی جگہ گریڈ 19 کے سینئر اور تجربہ کار کنزرویٹر محمد سلیم کو راولپنڈی سے تبدیل کر کے بہاولپور تعینات کیا گیا ہے۔ اس فیصلے پر ماہرین نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بہاولپور محکمہ جنگلات کے حالات بہتر ہونے کی امید ہے۔یاد رہے کہ روزنامہ قوم نے اپنی مسلسل اشاعتوں میں لال سوہانرا ڈویژن سمیت مختلف رینجوں میں ہونے والی کرپشن، ری سیڈنگ پروجیکٹ، لینڈ اسکیم اور پلانٹیشن کے گھپلے، بلاک افسر وجیہ الحسن، احمد نواز گڈن، گارڈ احمد یوسف، اجمل بلوچ اور دیگر کے ذریعے لکڑی چوری کے سنگین انکشافات شائع کیے تھے۔ مگر کنزرویٹر کامران کاظمی اور ڈی ایف او لال سوہانرا نے ان کے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے کرپٹ ملازمین کو تحفظ فراہم کیا اور ’’پیٹی بھائیوں‘‘ کو بچانے کی پالیسی پر عمل کیا۔روزنامہ قوم کی خبروں اور شواہد کو منسٹر، ڈی جی اور سیکرٹری فارسٹ کو بھی ارسال کیا گیا تھا، جس پر ایکشن لیتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا۔ اب انٹی کرپشن حکام نے بھی بہاولپور میں راجن پور طرز پر بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کرنے اور کرپٹ ملازمین کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کر لیا ہے۔ذرائع کے مطابق کرپٹ مافیا میں کھلبلی مچ گئی ہے کیونکہ پہلے وہ سابقہ کنزرویٹر کے ساتھ گٹھ جوڑ کر کے محفوظ رہے تھے مگر اب نہ صرف انٹی کرپشن بلکہ نئے تعینات کنزرویٹر کی سخت پالیسی کے باعث ان کے گرد شکنجہ کسے جانے کا قوی امکان ہے۔ عوامی اور سماجی حلقوں نے اس فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے قومی خزانے کو پہنچنے والے نقصان کا ازالہ ممکن ہوگا اور جنگلات کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے گی۔








