لانگ مارچ ملتوی کرنے کی درخواست، پی ٹی آئی پنجاب ارکان نے قیادت سے مشاورت مانگ لی

اسلام آباد: پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سمیت پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے ارکان نے پارٹی قیادت سے 27 ستمبر کو ہونے والا لانگ مارچ مؤخر کرنے کی درخواست کردی۔
جمعرات کو کے پی ہاؤس اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی اور سلمان اکرم راجہ نے بھی شرکت کی۔
ذرائع کے مطابق یہ اجلاس خصوصی طور پر پی ٹی آئی پنجاب کے ارکان کے مطالبے پر طلب کیا گیا تھا، جس میں لانگ مارچ کے حوالے سے پارٹی ارکان سے مشاورت کی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس کے دوران پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سمیت پی ٹی آئی ارکان نے مؤقف اختیار کیا کہ لانگ مارچ کی تیاری ابھی ناکافی ہے، اس لیے اسے ملتوی کیا جائے۔
اجلاس میں پنجاب سے تعلق رکھنے والے پارٹی رہنماؤں نے یہ شکوہ بھی کیا کہ لانگ مارچ کا اعلان کرنے سے قبل ان سے مشاورت نہیں کی گئی۔ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ پشاور میں ہونے والے اجلاس کے دوران بھی پنجاب سے تعلق رکھنے والے ارکان کی رائے کو خاطر میں نہیں لایا گیا۔
پی ٹی آئی پنجاب کے ترجمان ڈاکٹر علی عمران نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ارکانِ پارلیمنٹ نے بتایا ہے کہ ان سے لانگ مارچ کے حوالے سے مشاورت نہیں کی گئی۔ ان کے مطابق پنجاب کے ٹکٹ ہولڈرز کو اس مقصد کے لیے بلایا گیا تھا تاکہ 27 ستمبر کے پلان کو آگے بڑھایا جاسکے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں