آج کی تاریخ

قوم کی نشاندہی پر ایکشن، رابطہ ایپ افسران وزارت ریلوے کے حوالے،کارگردگی کھلنے کا ڈر

ملتان(نمائندہ خصوصی)رابطہ ایپ کے کرتا دھرتا افسران کو ریلوے ہیڈ کوارٹر سے ہٹا کر وزارت ریلوے میں تعینات کردیا گیا ۔ عملی طور پر آئی ٹی معاملات سے نابلد افسران وزارت میں تعیناتی سے پریشانی کا شکار ہوگئے۔ وزارت ریلوے میں تجربہ کار کلریکل سٹاف نہ ہونے سے کارکردگی کھل کر سامنے آجائے گی۔ بتایا جاتا ہے کہ رابطہ ایپ کے آپریشنل ہونے کے بعد سے اب تک ریلوے کو لاکھوں روپے روزانہ نقصان کا سامنا ہے۔ٹرین گارڈز، مسافروں کو بھی شدید مشکلات ہیں،ٹکٹ ریفنڈ،برتھ اور سیٹ ٹوکن،گارڈ چارٹ،بغیر ٹکٹ سفر جیسے مسائل بڑھ گئے ہیں جس کی نشاندہی روزنامہ قوم نے کی تھی جبکہ اس پر ٹرین گارڈز کی طرف سے بھی تحفظات پر مبنی مراسلہ لکھا گیا تھا۔ رابطہ ایپ میں چائنہ کی ایک کمپنی کو نوازے جانے کی بھی شکایات تھیں۔ رابطہ ایپ کی مانیٹر نگ کے لئے بھاری معاوضہ کے عوض ڈائریکٹر،ڈپٹی ڈائریکٹر،پراجیکٹ منیجر آئی ٹی کے لئے کنٹریکٹ تعینات کئے گئے تھے جبکہ سینئر پروگرامر آئی ٹی کی سیٹ پربھی ایک ایسے شخص کو تعینات کیا گیا ہے جن کی ریلوے میں تعیناتی اور موجودہ حیثیت کا تاحال تعین ہی نہیں ہوسکا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ان تمام عہدوں پر تعینات افسران رابطہ ایپ کو کامیاب کرنے کے ذمہ دار تھے جس کے لئے انہیں بھاری معاوضہ ادا کیا جاتا تھا تاہم یہ اپنی ذمہ داری ادا کرنے میں ناکام رہے جس کی نشاندہی روزنامہ قوم نے کی تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ اب وفاقی وزارت ریلوے نے رابطہ ایپ ڈائریکٹوریٹ کو وزارت ریلوے اسلام آباد منتقل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے ۔ابتدائی طور ان تمام افسران کو وزارت ریلوے اسلام آباد میں بیٹھ کرفرائض ادا کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بھاری معاوضہ لینے کے باوجود مذکورہ افسران آئی ٹی سے متعلق کچھ کام نہیں کرتے بلکہ کلریکل سٹاف سے تمام کام کرواتے رہے ہیں جبکہ سینئرپروگرامر آئی ٹی جن کی ریلوے میں تعیناتی اور موجودہ
حیثیت پر آج تک سوالیہ نشان ہے کے پاس کسی نوعیت کی آئی ٹی سے متعلق ڈگری ہی موجود نہیں ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ افسران وزارت ریلوے میں منتقلی پر شدید پریشانی کا شکار ہیں کیونکہ وہاں تمام تر کام انہیں خود کرنا پڑے گا جبکہ عملی طور پر انہوں نے کبھی آئی ٹی کے امور میں دلچسپی نہیں لی۔

شیئر کریں

:مزید خبریں