ملتان (وقائع نگار) روزنامہ ‘قوم کی خبر پر ایکشن ،ڈائریکٹر جنرل لوکل گورنمنٹ پنجاب کا نادرا کو موڈیفکیشن فیسوں پر سسٹم اپ ڈیٹ کا حکم، کم جمع کروائی جانے والی فیسوں کی وصولی سیکرٹریز یونین کونسلوں سے کی جائے گی شہریوں کی جیبوں سے ہونے والی ماہانہ 20 سے 22 کروڑ روپے کی منظم لوٹ مار کا خاتمہ قریب، یونین کونسلوں کے سیکرٹریز سے واجب الادا فیسوں کی وصولی کا سلسلہ نادرا کے سسٹم کی اپ ڈیٹ کے بعد شروع کر دیا جائے گا ۔روزنامہ ‘قوم کی خبر پر کارروائی کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل لوکل گورنمنٹ پنجاب نے نادرا کو موڈیفکیشن سرٹیفکیٹوں کی فیسوں کے حوالے سے سسٹم کو اپ ڈیٹ کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ ذرائع کے مطابق اس اقدام سے پنجاب بھر کی 3454 یونین کونسلوں میں جاری کرپشن کا خاتمہ ہو جائے گا اور ملتان سمیت تمام یونین کونسلوں کے سیکرٹریز سے کم وصول جانے والی فیسوں کا حساب کتاب لیا جائے گا۔روزنامہ ‘قوم نے 12 اکتوبر کو شائع ہونے والی اپنی خصوصی رپورٹ میں بتایا تھا کہ لوکل گورنمنٹ پنجاب کی جانب سے موڈیفکیشن سرٹیفکیٹ کی فیس 700 روپے مقرر ہےجبکہ نادرا صرف 75 روپے وصول کرتا ہے۔ تاہم، یونین کونسلوں کے سیکرٹریز شہریوں سے مکمل 700 روپے تو وصول کر لیتے ہیں مگر حکومت کے خزانے میں صرف نادرا کی 75 روپے ہی جمع کرواتے ہیں اور باقی 625 روپے اپنے پاس رکھ لیتے ہیں۔ نتیجتاً صوبہ بھر کی 3454 یونین کونسلوں سے ماہانہ 20 سے 22 کروڑ روپے کی منظم کرپشن ہو رہی تھی۔ڈی جی لوکل گورنمنٹ پنجاب کی اس ہدایت کے بعد نادرا کا سسٹم اپ ڈیٹ ہوتے ہی شہریوں سے واجب الادا 700 روپے کی مکمل وصولی کا آٹومیٹک نظام نافذ ہو جائے گا۔ اس سے سیکرٹریز کی طرف سے کم فیس جمع کرانے کا رجحان ختم ہو جائے گا اور حکومت کا نقصان پورا کیا جائے گا۔ ذرائع نے بتایا کہ سسٹم اپ ڈیٹ کے بعد ملتان ڈویژن سمیت پنجاب کے ہر ضلع کی یونین کونسلوں میں بیک لاگ فیسوں کی واقعی وصولی شروع کر دی جائے گی۔ ڈی جی لوکل گورنمنٹ نے واضح کیا ہے کہ کرپشن کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور شہریوں کو مکمل ریلیف دیا جائے گا۔یہ اقدام روزنامہ ‘قوم کی صحافتی جدوجہد کا نتیجہ ہے جس نے عوام کی آواز بن کر حکومتی محکموں میں پھیلے ہوئے فساد کو اجاگر کیا۔ شہریوں نے اس کارروائی کا خیرمقدم کیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ اب ان کی جیبوں پر ڈاکہ نہیں پڑے گا۔








