غزہ میں خوراک کے حصول کے لیے جمع فلسطینیوں پر اسرائیلی فوج کی ٹینکوں سے شدید گولا باری اور فائرنگ، 31 شہید، 100 سے زائد زخمی
رفح میں واقع نتزاریم راہداری پر خوراک کی تقسیم کے امریکی مرکز پر ہزاروں فلسطینی جمع تھے۔ اس دوران اسرائیلی ٹینکوں نے اندھا دھند گولا باری اور فائرنگ کی، جس سے کم از کم 31 فلسطینی شہید اور 100 سے زائد زخمی ہوگئے۔
حملے کے بعد اسرائیلی فوج نے زخمیوں تک ایمبولینسوں کی رسائی روک دی۔
غزہ ہیومینیٹیرین فاؤنڈیشن، جس کا آغاز پیر سے ہوا تھا، اب تک اسرائیلی حملوں کا چار بار نشانہ بن چکی ہے، جن میں امداد حاصل کرنے کے لیے آنے والے افراد کو نشانہ بنایا گیا۔
ادھر، امریکا نے غزہ جنگ بندی کے حوالے سے اپنی تجویز پر حماس کے ردعمل کو ناقابل قبول قرار دیا ہے۔
حماس کا کہنا ہے کہ امریکی تجویز میں مستقل جنگ بندی اور اسرائیلی افواج کے مکمل انخلا کی ضمانت شامل نہیں، جبکہ امریکی تجویز میں 10 اسرائیلی یرغمالیوں اور 18 اسرائیلی لاشوں کے بدلے فلسطینی قیدیوں کی رہائی کی بات کی گئی ہے۔
حماس کے مطابق، اس نے امریکا کو مثبت جواب دیا ہے لیکن مستقل جنگ بندی اور مکمل اسرائیلی انخلا کی ضمانت مانگی ہے۔
