آج کی تاریخ

طاقتورمحکموں کو بجلی فری،کنڈے ڈالنے کی اجازت،عام صارفین کا گھیرا تنگ،میپکو کا کھلا تضاد

ملتان (سٹاف رپورٹر) میپکو کے زیر انتظام ضلع ملتان کے چار ڈویژنز میں سرکاری اداروں کے ڈیفالٹرز کے بقایا جات پرائیویٹ کنزیومر کی نسبت کئی گنا بڑھ چکے ہیں اور نہ تو سرکاری دفاتر بل ادا کرتے ہیں اور نہ ہی میپکو حکام میں کسی بھی قسم کی کارروائی کی جرات ہے۔ اور صورتحال اتنی ابتر ہے کہ بعض طاقت ور وفاقی و صوبائی محکموں کے افسران کی رہائش گاہوں کے واجبات بھی مجموعی طور پر کروڑوں روپوں میں ہیں جو ادا نہیں کئے جا رہے اور کافی آفیسرزٹرانسفر ہو کر بھی جا چکے ہیں۔جبکہ نہ ہی کسی کی جرات ہے کہ ان کے کنکشن کاٹ سکیں۔ اس امر کی بھی تصدیق ہوئی ہے کہ بعض ادارے ڈائریکٹ کنڈوں پر چل رہے ہیں۔اور معلوم ہونے کے باوجود میپکو حکام کارروائی سے گریزاں ہیں۔ روزنامہ قوم کو ملنے والی معلومات کے مطابق پرائیویٹ صارفین کی جانب میپکو کے واجب الادہ بقایا جات صرف چھ کروڑ کے قریب ہیں اور اس 6 کروڑ کی وصولی کے لئے صارفین پر میپکو کا عذاب نازل ہے۔دوسری طرف میپکو کے زیر انتظام 450 سرکاری اداروں اور رہائش گاہوں کے بقایا جات دو ارب کے قریب پہنچ چکے ہیں اور یہ سرکاری بقایا جات سالہا سال سے ادا نہیں کیے جا رہے مگر جس طرح سے پرائیویٹ کنزیومر کے بجلی کنکشنز ایک ماہ کا بل ادا نہ کرنے یا لیٹ ہونے کی صورت میں کاٹ دئے جاتے ہیں اس کے برعکس سرکاری اداروں کے بل کافی سال سے ادا نہ کیے جانے کے باوجود ان کو مسلسل بجلی کے فراہمی جاری ہے اور جن دفاتر میں بجلی چوری ہو رہی ہے اس پر بھی میپکو بے بس ہے۔ البتہ ان کا تمام تر بوجھ پرائیویٹ کنزیومرز پر ڈال دیا جاتا ہے۔ ان سرکاری اداروں میں متعدد ادارے ایسے بھی ہیں جن کو بجلی کے بل ادا نہ کرنے والے اور چوری کرنے والے پرائیویٹ کسٹمرز اور کنزیومرز پر مقدمات کرنے کا بھی اختیار حاصل ہے اور یہ ادارے گزشتہ کافی سال سے اپنی بجلی کے بل ادا نہیں کر رہے اور میپکو افسران نے سہولت کاری دیتے ہوئے بعض طاقتور اداروں کے افسران اور اہلکاروں کے میٹر کھمبوں کی بجائے ان کے گھروں کے اندر لگا رہے ہیں تاکہ وہ کھل کر کھیل سکیں۔ روزنامہ قوم کو ملنے والی معلومات کے مطابق واسا ملتان کے ذمے واجب الادا بل 13 کروڑ 72 لاکھ 30 ہزار 121 روپے ہے۔ ڈسٹرکٹ جیل ملتان میپکو کی 2 کروڑ 11 لاکھ 50 ہزار 757 روپے کی نادہندہ ہے۔ سرکٹ ہاؤس ملتان 30 لاکھ کا نادہندہ ہے جبکہ سٹی پولیس لائن نمبر ون 16 لاکھ 12 ہزار 544 روپے کی نادہندہ ہے۔ ڈپٹی کمشنر ہاوس بالمقابل آئی اے آفس ابدالی روڈ ملتان کا واجب الادا بل 45 لاکھ 88 ہزار 333 روپے ہے جبکہ موجودہ ڈپٹی کمشنر نے صرف دو ماہ پہلے چارج سنبھالا ہے تاہم یہ بل سالوں سے التوا میں ہے۔ انٹیلی جنس بیورو ملتان کا ایک بل 12 لاکھ 6 ہزار 674 روپے، دوسرا بل 23 لاکھ 89 ہزار 195 روپے جبکہ تیسرا بل 2 لاکھ 99 ہزار 168 روپئے ہے اس طرح آئی بی میپکو کی مجموعی طور پر 38 لاکھ روپے کی نادہندہ ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں