بھارتی ٹیلی ویژن انڈسٹری کی معروف اداکارہ ادیتی شرما اور ان کے شوہر ابھینیت کوشیک کے درمیان خفیہ شادی کے صرف چار ماہ بعد طلاق کی خبریں منظر عام پر آئی ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق، دونوں نے کئی سال تک لِیو اِن ریلیشن شپ میں رہنے کے بعد نومبر 2024 میں شادی کی تھی، جسے خفیہ رکھا گیا تھا۔ بعد ازاں، انہوں نے شادی کی تصاویر بھی شیئر کیں۔
ابھینیت کوشیک نے بھارتی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں طلاق کی تصدیق کی ہے۔ ان کے قانونی مشیر، راکیش شیٹی، کے مطابق، شادی اداکارہ کی درخواست پر منعقد کی گئی تھی اور ادیتی کی شرط تھی کہ کیریئر کی وجہ سے اسے خفیہ رکھا جائے۔ شادی میں والدین اور قریبی رشتہ داروں نے شرکت کی تھی۔
ابھینیت اور ان کی قانونی ٹیم کا دعویٰ ہے کہ ادیتی شرما کے اپنے ساتھی اداکار کے ساتھ مبینہ تعلقات کے باعث مسائل پیدا ہوئے۔ ان کے مطابق، اس معاملے کے بعد ادیتی اور ان کے خاندان سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی، لیکن انہوں نے شادی کو مذاق قرار دے دیا۔ مزید برآں، الزام لگایا گیا ہے کہ ادیتی اور ان کے خاندان نے علیحدگی کے لیے 25 لاکھ روپے کا مطالبہ کیا ہے۔
یاد رہے کہ ادیتی شرما نے 2019 میں مشہور ڈرامہ سیریز ‘ناگن’ کے تیسرے سیزن میں ‘شیولی سنگھ’ کا مختصر کردار ادا کیا تھا اور وہ اسٹار پلس کے ڈرامے ‘یہ جادو ہے جن کا’ میں بھی اپنی اداکاری کے لیے مشہور ہیں۔
