اسلام آباد: 27ویں آئینی ترمیم کے بعد جوڈیشل کمیشن اور سپریم جوڈیشل کونسل کی از سرِ نو تشکیل کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ جیونیوز کے مطابق اس سلسلے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جس کے تحت جسٹس جمال مندوخیل کو مکمل اتفاقِ رائے سے سپریم جوڈیشل کونسل کا نیا رکن مقرر کیا گیا ہے۔
پریکٹس اینڈ پروسیجر قانون کے تحت چیف جسٹس پاکستان نے جسٹس جمال مندوخیل کو ججز کمیٹی کا رکن بھی نامزد کر دیا ہے۔
جاری کردہ اعلامیے میں بتایا گیا کہ جسٹس جمال مندوخیل کی نامزدگی چیف جسٹس پاکستان اور چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت نے باہمی مشاورت اور اتفاق سے کی۔
اسی اعلامیے کے مطابق جسٹس عامر فاروق کو بھی مکمل اتفاقِ رائے سے جوڈیشل کمیشن کا رکن مقرر کیا گیا ہے، جن کی نامزدگی بھی دونوں اعلیٰ عدالتی شخصیات نے مشترکہ طور پر کی۔
یہ تبدیلیاں 27ویں آئینی ترمیم کے تحت عدلیہ کے ادارہ جاتی ڈھانچے میں اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہیں۔







