لاہور: پنجاب حکومت نے بے گھر افراد کے لیے ایک اور اہم فلاحی قدم اٹھاتے ہوئے ’’اپنی زمین، اپنا گھر‘‘ منصوبے کے ای پورٹل کا باقاعدہ آغاز کر دیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اس منصوبے کا افتتاح کرتے ہوئے ای پورٹل azag.punjab.gov.pk لانچ کیا، جس کے ذریعے شہری مفت پلاٹ حاصل کرنے کے لیے آن لائن درخواست دے سکیں گے۔
یہ اسکیم وزیراعلیٰ کے جاری فلاحی پروگرام ’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ کا تسلسل ہے، جس کے تحت اب تک 34 ہزار گھروں کی تعمیر شروع کی جا چکی ہے، جن میں سے 2 ہزار مکمل بھی ہو چکے ہیں۔
منصوبے کے پہلے مرحلے میں پنجاب کے 19 اضلاع میں 23 ہاؤسنگ اسکیموں کے تحت 3 مرلے کے 2 ہزار پلاٹس بغیر کسی قیمت کے دیے جائیں گے۔
ابتدائی طور پر پلاٹوں کی قرعہ اندازی جہلم، پتوکی، ماموں کانجن، لودھراں اور رینالہ خورد میں ہوگی، اور کامیاب درخواست دہندگان کو گھر بنانے کے لیے آسان اقساط پر قرض فراہم کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ یہ اسکیم محض عمارتیں نہیں بلکہ ہزاروں خاندانوں کی امیدیں اور دعائیں ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ قرض واپسی کی مدت میں 3 ماہ کی مہلت دی گئی ہے اور قرضوں کی واپسی کا سلسلہ بھی شروع ہو چکا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ یہ منصوبہ ان کے دل کے قریب ہے اور قائد نواز شریف کا خواب ہے کہ ہر شہری کو اپنی چھت ملے۔
پروگرام کی تفصیلات بتاتے ہوئے وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین نے کہا کہ ’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ اسکیم کے تحت اب تک 33,500 افراد کو 36 ارب روپے کے قرض دیے جا چکے ہیں، اور عوام کی جانب سے وزیراعلیٰ کو زبردست پذیرائی مل رہی ہے۔
