بہاولپور(کرائم سیل) بہاولپور پولیس میں اخلاقیا ت سے عاری پولیس افسران عوام کے جان و مال کا تحفظ کرنے کی بجائے عزتوں کے لٹیرے بن گئے۔ ٹی ایس آئی احتشام نے کار سرکار کے دوران بہاولپور کی رہائشی(ر) نامی خاتون سے ناجائز تعلقات استوار کر لیے بعد میں نوکری اور شادی کا جھانسہ دے کر کئی ماہ تک زیادتی کرتا رہا۔ وعدہ وفا نہ ہونے پر متاثرہ نے تھانہ سول لائن میں زیادتی کا مقدمہ درج کروا دیا جبکہ متاثرہ لڑکی کے مطابق سول لائن پولیس ملزم کو حراست میں لینے کےبجائے اسے تحفظ دے رہی ہے ۔تفصیلات کے مطابق مشتاق کالونی کی رہائشی( م )نامی خاتون نے تھانہ سول لائن میں مقدمہ نمبر 721/25 بجرم 376 ت پ درج کرواتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ میں ایک یتیم لڑکی ہوں احتشام اسلم ایس آئی پنجاب پولیس نے 19 ستمبر 2024 کو دوران ریڈ میرا موبائل نمبر لیا اور میرے ساتھ ہمدردی کا رویہ اپناتے ہوئے نوکری دینے کا جھانسہ دے کر مورخہ 13 مارچ 2025 کو مجھے اپنی سی وی اور تعلیمی اسناد لے کر یونیورسٹی چوک پر بلایا ۔شام چھ بجے میں یونیورسٹی چوک پہنچی تو الزام علیہ نے مجھے کار میں بٹھایا اور کسی نامعلوم مقام بلڈنگ میں اوپر لے گیا جہاں پر الزام علیہ نے اسلحے کے زور پر ڈرا دھمکا کر سائلہ سے اس کی مرضی کے بغیر زنا بالجبر کیا اور مجھے کہتا رہا کہ میں تم سے شادی کر لوں گا اور جلد سے جلد تمہاری نوکری کا بھی بندوبست کروا دوں گا اور اس کے بعد مجھے امتیاز شاپنگ مال کے نزدیک چھوڑ کر چلا گیا ۔سائلہ خوف کے مارے کتنے عرصے تک الزام علیہ کے ڈر اور اپنی عزت کی خاطر چپ رہی۔ اب سائلہ نے تمام تر واقعات اپنی والدہ مسمات شگفتہ اور گھر والوں کو بتائے جس پر تھانہ سول لائن کی پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں متاثرہ لڑکی نے روزنامہ قوم سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس نے مقدمہ تو درج کر لیا ہے مگر اپنے پیٹی بھائی کو بچانے کے لیے سر توڑ کوششوں میں مصروف ہے۔ابھی تک پولیس نے ملزم کو گرفتار نہیں کیا بلکہ اسے ضمانت کروانے کا موقع دیا ہے۔ٹی ایس آئی احتشام اسلم کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ تھانہ بغداد کو جدید میں پوسٹنگ کے دوران موصوف کا رویہ عوام اور سائلین کے ساتھ ہتک آمیز رہتا تھا اور ہر وقت تھانے میں آئے ہوئے سائلین کے ساتھ تقاضے میں لگا رہتا تھا جس سے عوام پریشان تھے۔
