اسلام آباد: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے واضح کیا ہے کہ بھارت کے پاس صرف دو راستے ہیں، یا تو وہ سندھ طاس معاہدے کی پاسداری کرے، ورنہ اگر اس نے پانی روکنے یا نئی نہریں اور ڈیمز بنانے کی کوشش کی تو پاکستان اس اقدام کو جنگ کی صورت میں جواب دے گا۔
قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے خطے میں بھی ایک نیتن یاہو کی سستی نقل موجود ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پاکستان نے بھارت کو جنگ، سفارت کاری اور نظریاتی محاذ پر شکست دی ہے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پاکستان نہ صرف اپنے مفاد بلکہ بھارتی عوام کے مفاد کی بھی جنگ لڑ رہا ہے، کیونکہ دونوں ممالک کے عوام کی بہتری امن میں ہے۔ بھارت چاہتا ہے کہ آئندہ نسلیں پانی پر لڑیں، جو کہ اقوام متحدہ کے چارٹر کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر بھارت نے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی جاری رکھی تو پاکستان چھ دریاؤں کا پورا پانی حاصل کرنے کے لیے کارروائی کرے گا۔
کشمیر کے معاملے پر بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ بھارت اب کشمیر کو اپنا اندرونی معاملہ کہنے کے مؤقف سے پیچھے ہٹ چکا ہے، اور آج کشمیر عالمی سطح پر ایک بین الاقوامی تنازع بن چکا ہے، جو پاکستان کی سفارتی کامیابی ہے۔
وفاقی بجٹ پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی موجودہ بجٹ کی حمایت کرتی ہے اور وزیراعظم، وزیرخزانہ اور وزیرخارجہ کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے پیپلزپارٹی کو بجٹ مشاورت میں شامل کیا۔
تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ تنخواہوں اور پنشن میں مزید اضافہ ہونا چاہیے تھا، جنوبی پنجاب کے لیے پی ایس ڈی پی میں کم از کم 30 فیصد حصہ مختص کیا جانا چاہیے، جبکہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے لیے بھی وفاقی فنڈنگ میں اضافہ ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیرخزانہ نے آئندہ بجٹ میں ان نکات پر دوبارہ بیٹھ کر غور کرنے کا وعدہ کیا ہے۔
