اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس جاری ہے، جس میں ایران اور اسرائیل کے درمیان حالیہ کشیدگی کے تناظر میں علاقائی سیکیورٹی صورتحال پر غور کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، تینوں مسلح افواج کے سربراہان اور وفاقی وزراء شریک ہیں۔ اجلاس میں عسکری اور سول قیادت مل کر صورتحال کا جائزہ لے رہی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر اپنے حالیہ دورۂ امریکہ کے حوالے سے شرکاء کو بریف کریں گے اور امریکی حکام سے ہونے والی ملاقاتوں کی تفصیلات سے بھی آگاہ کریں گے۔
اجلاس میں ملک کی داخلی اور سرحدی سیکیورٹی کے موجودہ حالات کا جائزہ لیا جا رہا ہے، جبکہ مستقبل کی حکمت عملی پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ اجلاس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف سے پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر نے اہم ملاقات کی، جس میں خطے میں امن و امان اور دو طرفہ تعلقات پر بات چیت کی گئی۔
