آج کی تاریخ

آصف زرداری سے پنجاب اسمبلی اراکین کی ملاقات، حکومتی رویے پر شکایات

اسلام آباد: صدر پاکستان آصف علی زرداری سے پنجاب اسمبلی میں پاکستان پیپلز پارٹی سے وابستہ اراکین نے ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق اس ملاقات میں اراکین نے حکومت پنجاب کے رویے اور کارکردگی پر متعدد شکایات کیں۔
اراکین کا کہنا تھا کہ ہمیں 8 کلب تک رسائی نہیں دی جاتی جبکہ مسلم لیگ ن کے ایم پی ایز کو خصوصی مراعات دی جاتی ہیں۔ ہمارے ترقیاتی منصوبے تاخیر کا شکار ہیں اور حلقوں میں مسائل کے انبار لگے ہیں۔ شکایت کرنے والے اراکین نے کہا کہ ہمارے مطالبات کے باوجود صرف معمولی کام ہوتے ہیں، وہ بھی خاص سفارشات کے بعد۔ کچھ افراد کو راشن کارڈ تک نہیں ملے اور مستحقین کے بجائے مخصوص افراد کو فائدہ پہنچایا جا رہا ہے۔
آصف علی زرداری نے شکایات سنتے ہوئے اعتراف کیا کہ ایسے افراد بھی فائدہ اٹھا رہے ہیں جو خود خوشحال ہیں اور ان کے ملازمین تک مستفید ہو رہے ہیں۔ صدر کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ حالات کے مطابق جھک جاتے ہیں اور جب فائدہ ملتا ہے تو سر اٹھاتے ہیں۔ زرداری نے بیوروکریسی کی موجودہ صورتحال اور اثرورسوخ پر بھی تبصرہ کیا۔
خاتون رکن اسمبلی نے کہا کہ آپ لاہور آتے ہیں تو ایوانوں میں ہلچل مچ جاتی ہے، جس پر زرداری نے ہنستے ہوئے کہا کہ اگر میں لاہور میں چند دن رکوں تو بہتوں کو پریشانی ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ ملکی حالات کے پیش نظر سب کو ملکی مفادات کے لیے اکٹھے ہونا چاہیے۔
صدر نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ عوام اور ملک کے لیے کام کرتی رہی ہے اور آئندہ بھی ملکی مفاد کو ترجیح دے گی۔ انہوں نے اراکین کو ہدایت کی کہ ترقیاتی کاموں پر توجہ دیں اور بلدیاتی یا عام انتخابات کے لیے خود کو تیار رکھیں۔
آصف زرداری نے کہا کہ پنجاب میں پارٹی کی تنظیم سازی پر بھرپور توجہ دی جائے گی اور وہ اور بلاول بھٹو زرداری اس کام کی نگرانی کریں گے۔ انہوں نے اراکین کو یقین دلایا کہ ان کے تحفظات جلد دور کیے جائیں گے اور معاملات پہلے سے بہتر ہوں گے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں