چولستان قبضہ:آرپی اونے گیلانی سےمدد مانگ لی،ایم این اے کامزارع آزاد،بابرسعیدکاجھوٹ پکڑاگیا

ملتان (قوم ریسرچ سیل) چولستان میں قبضہ مافیا کی آر پی او بہاولپور رائے بابر سعید کی مبینہ سرپرستی، ناجائز مداخلت اور تفتیش پر اثر انداز ہونے کے حوالے سے ایم این اے مخدوم سمیع الحسن گیلانی کی تحریک استحقاق جمع ہونے کے بعد 11 نومبر کو قومی اسمبلی میں آر پی او بہاولپور نےپیش ہوکر جواب دینے کے بجائےچیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی سے معاملے کو حل کرانے کی درخواست کی جس پر مہلت لیتے ہوئے سید یوسف رضا گیلانی نے ایم این اے اور آر پی او بہاولپور کے درمیان مصالحتی کردار ادا کرنے کا ذمہ لے لیا۔ آر پی او بہاولپور نے یوسف رضا گیلانی کو سمیع الحسن گیلانی کی زمین قبضہ گروپ کے سرغنہ عظمت اللہ نیازی سے قبضہ چھڑوا کر دینے کی یقین دہانی بھی کرا دی جس کے لئے ذرائع کے مطابق کمشنر بہاولپور کو بھی لیٹر لکھ دیا ۔ایم این اے نے چیئرمین سینیٹ کو بتایا کہ ان کے مزارع محمد اکبر کو عظمت نیازی کے قبضہ مافیا نے اغوا کر رکھا ہے اور اس کی جان کو بھی خطرہ ہے اور بار بار یاد دہانی کے باوجود آر پی او نوٹس نہیں لے رہے اور پولیس ابھی تک بازیاب کرانے میں سنجیدہ نہیں ہے۔ اس براہ راست الزام پر آر پی او بہاولپور رائے بابر سعید نے ایس ایچ او تھانہ ڈیراور آصف کمبوہ کی رپورٹ کو بنیاد بنا کر یوسف رضا گیلانی کو یہ یقین د ہانی کرائی کہ ایم این اے مخدوم سمیع الحسن گیلانی کا مزارع اغوا ہی نہ ہوا ہے بلکہ ایم این اے نے اپنے مزارع کو از خود ہی غائب کرکے مقدمہ درج کروا دیا ہے۔ آر پی او کے اس موقف پر تلخی مزید بڑھی تو عظمت نیازی نے اسی وقت مغوی محمد اکبر کو بلوچستان منتقل کرنے کے لئے رحیم یار خان سے ڈبل کیبن ڈالا منگوا کر اسے براستہ ہیڈ پنجند ڈیرہ غازی خان بلوچستان روانہ کرا دیا اور حیران کن طور پر آر پی او بہاولپور کے اس موقف اور عظمت اللہ نیازی کی طرف سے مغوی کو بلوچستان منتقل کرنے کی ٹائمنگ میں حیرت انگیز مماثلت پائی گئی ہے۔ تاہم عظمت نیازی کے ملازمین مغوی کو جب براستہ ہیڈ پنجند شاہ جمال روڈ بلوچستان پہنچاتے ہوئے ڈیرہ غازی خان چیک پوسٹ پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ہاتھوں پکڑے گئے کیونکہ گاڑی کی چیک کے دوران مغوی اکبر نے شور مچا دیا کہ یہ مجھے اغوا کر کے لے جا رہے ہیں جس پر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے عظمت اللہ نیازی کے ملازمین کے چنگل سے مغوی کو برآمد کرتے ہوئے تھانہ ڈیراور کے ایس ایچ او آصف کمبوہ کو تمام تر صورتحال سے آگاہ کیا اور ایم این اے مخدوم سمیع الحسن گیلانی کو بھی تمام تر صورتحال کے بارے میں علم ہوا تو انہوں نے بھی اپنے پی اے کو پولیس کے ساتھ روانہ کیا اور گزشتہ روز پولیس مغوی اور اس کے اغوامیں ملوث عظمت اللہ نیازی کے ملازمین کو لیکر بہاولپور آ گئی جس پر ایک مرتبہ دوبارہ آر پی او بہاولپور رائے بابر سعید کے جھوٹ کا پول کھل گیا۔ یاد رہے کہ اس سے قبل بھی تحریک استحقاق کے جواب میں آر پی او بہاولپور نے پارلیمنٹ میں جو جواب جمع کروایا تھا، ایم این اے نے اسے جھوٹ کا پلندہ قرار دیا تھا۔ مغوی کی ڈیرہ غازی خان سے برآمدگی کے بعد آر پی او بہاولپور اپنے ہی گرداب میں پھنس گئے ہیں اور سید یوسف رضا گیلانی بھی آر پی او سے خفا ہو چکے ہیں

شیئر کریں

:مزید خبریں