بہاولپور: چڑیا گھر کی سیر بھی مہنگی

بہاولپور(لیڈی رپورٹر جویریہ فیروز سے) بہاولپور کے شہریوں کیلئے تفریح بھی مہنگی‘بہاولپور چڑیا گھر میں داخلے اور پارکنگ فیس میں اضافہ، نئے نرخ نافذ کر دیے گئے۔پنجاب کیپٹو وائلڈ لائف مینجمنٹ کمیٹی کے 35ویں اجلاس کے فیصلوں کی روشنی میں ڈائریکٹوریٹ جنرل وائلڈ لائف اینڈ پارکس پنجاب نے بہاولپور چڑیا گھر کے گیٹ انٹری ٹکٹ اور پارکنگ فیس میں اضافے کا باضابطہ نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے، جو فوری طور پر نافذ العمل ہو گیا ہے۔نوٹیفیکیشن کے مطابق چڑیا گھر کے داخلے کے نئے نرخ درج ذیل ہیں۔بالغ افراد کے ٹکٹ کی قیمت 50 روپے سے بڑھا کر 100 روپے کر دی گئی ہے۔بچوں کیلئے ٹکٹ اب 30 روپے کی بجائے 50 روپے کا ہو گا۔طلبہ کے لیے داخلے کی فیس 20 روپے سے بڑھا کر 50 روپے مقرر کی گئی ہے۔معمر افراد، خصوصی افراد اور 5 سال سے کم عمر بچوں کے لیے چڑیا گھر میں داخلہ پہلے کی طرح مکمل طور پر مفت رہے گا۔گاڑیوں کی پارکنگ کے نرخوں میں بھی نمایاں اضافہ کیا گیا ہے، جس کی تفصیلات یہ ہیں۔موٹر سائیکل کی پارکنگ فیس 10 روپے سے بڑھ کر 30 روپے ہو گئی ہے۔کار / جیپ کی فیس 20 روپے سے بڑھا کر 100 روپے مقرر کی گئی ہے۔بس / کوسٹر وغیرہ بڑی گاڑیوں کیلئے پارکنگ فیس 150 روپے مقرر کی گئی ہے نوٹیفیکیشن کے مطابق پرانی فیس 30 روپے تھی۔اس کے علاوہ انتظامیہ کی جانب سے ایک نئی شق بھی لاگو کی گئی ہے جس کے تحت چڑیا گھر میں گاڑی کھڑی کرنے کی زیادہ سے زیادہ حد 3 گھنٹہ مقرر کی گئی ہے۔ اگر کوئی گاڑی 3 گھنٹے سے زائد پارک کی گئی تو اصل فیس کے آدھے سے زیادہ فی گھنٹہ کے حساب سے اضافی چارجز وصول کیے جائیں گے۔داخلہ ٹکٹ اور پارکنگ فیس میں بے مہار اضافہ سے شہریوں کو ایک اور تفریح سے محروم کر دیا گیا ہے ان بھاری فیسوں کے باعث شہری تفریح کے مواقع سے محروم ہوتے جا رہے ہیں بہاولپور میں پہلے بھی تفریحی مقامات کی کمی ہے گلزار صادق اور ایس ایس ورڈ پارک میں پہلے ہی بھاری داخلہ فیسیں عائد ہیں۔ شہریوں نے اس پر احتجاج کیا ہے اور وزیر اعلیٰ پنجاب سے چڑیا گھر کی داخلہ اور پارکنگ فیسوں میں کیئے گئے اضافہ کو واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں