بہاولپور: عالمی معیار کے ایتھلیٹ ٹریک پر کام تیز

بہاولپور (لیڈی رپورٹر جویریہ فیروز سے )کمشنر بہاولپور ڈویژن عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ کھیلوں کے فروغ، نوجوان کھلاڑیوں کو جدید اور معیاری سہولیات کی فراہمی اور کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں کمشنر بہاولپور ڈویژن عرفان علی کاٹھیا اور ڈپٹی کمشنر بہاولپور سید حسن رضا نے ڈرنگ اسٹیڈیم بہاولپور میں زیرِ تعمیر سنتھیٹک ایتھلیٹک ٹریک کا معائنہ کیا اور منصوبے پر جاری تعمیراتی کام، معیار اور پیش رفت کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر کمشنر بہاولپور ڈویژن نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ سنتھیٹک اتھلیٹک ٹریک کی تعمیر بین الاقوامی معیار کے مطابق یقینی بنائی جائے اور اس مقصد کے لیے استعمال ہونے والے میٹریل کے معیار پر خصوصی توجہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ تعمیراتی کام میں معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کے لیے کام کی رفتار تیز کی جائے۔ کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے ہدایت کی کہ منصوبے کی پیش رفت کی مسلسل نگرانی کی جائے اور تمام تعمیراتی مراحل میں مقررہ معیار اور تکنیکی تقاضوں کو ہر صورت مدنظر رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں کی معیاری سہولیات کی فراہمی اور کھلاڑیوں کو بہتر تربیتی ماحول فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ جدید سہولیات کی دستیابی سے نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں نکھارنے اور کھیلوں کے میدان میں بہتر کارکردگی دکھانے کے مواقع میسر آئیں گے۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ منصوبے کی بروقت بروقت اور معیاری تکمیل کے لیے باہمی رابطے اور مؤثر نگرانی کو یقینی بنایا جائے تاکہ ایتھلیٹس کو بین الاقوامی معیار کے مطابق کھیلوں کی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ معائنے کے موقع پر ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ملک محبوب الٰہی کھر، اسسٹنٹ کمشنر بہاولپور سٹی اقراء مبین، ڈائریکٹر سپورٹس عامر حمید، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں