ملتان (کورٹ رپورٹر) درجنوں لڑکیوں کو بے آبرو کرکے ان کی فحش ویڈیوز بنانے والے ملتان کے انتہائی آلودہ شہرت کے حامل ماہر امراض جلد ڈاکٹر احسن اظہر منیر
کی درخواست ضمانت سیشن کورٹ سے مسترد ہونے کے بعد ہائی کورٹ میں دائر کر دی گئی ہے جس کی سماعت آج بروز جمعرات لاہور ہائی کورٹ ملتان بینچ کے جسٹس طارق سلیم شیخ کریں گے۔ ملزم کی طرف سے معروف قانون دان اور سابق صدر ہائی کورٹ بار آصف سعید رانا بطور وکیل صفائی پیش ہوں گے جبکہ مدعیہ کی طرف سے ضیاء الرحمٰن رندھاوا اپنا موقف پیش کریں گے۔ توجہ طلب امر یہ ہے کہ ملتان پولیس نے جو چالان بھیجا ہے اس میں ملزم کے خلاف متعدد لڑکیوں کے ساتھ فحش تصاویر اور ایک یو ایس بی بھی لف کی ہے جس میں بہت سا قابل اعتراض مواد موجود ہے۔ ملزم جو کہ نشے کا عادی ہے اور مختلف قسم کی منشیات کے علاوہ خود کو نشہ آور انجکشن لگاتا ہے اور جیل میں اس کا باقاعدہ علاج بھی جیل حکام کروا رہے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ اسے چند دن جیل کے ہسپتال میں بھی رکھا گیا مگر وہ اپنے ہاتھوں کو دانتوں سے کاٹتا رہا اور جیل حکام کی منتیں کرتا رہا کہ اسے کہیں سے بھی نشہ آور انجکشن کا انتظام کر دیا جائے مگر جیل حکام نے اسے سخت نگرانی میں رکھا اور جیل کے ڈاکٹر اس کا علاج بھی کرتے رہے۔ یہاں یہ امر انتہائی توجہ طلب ہے کہ ایک ماہ سے زائد عرصہ گزر جانے کے باوجود ابھی تک ملزم ڈاکٹر احسن اظہر منیر کی فارنزک رپورٹ لاہور سے موصول نہیں ہوئی۔







