خیبرپختونخوا اپیکس کمیٹی کا دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کا فیصلہ

پشاور: خیبرپختونخوا کی صوبائی اپیکس کمیٹی نے صوبے میں امن و امان کی صورت حال بہتر بنانے اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کی صلاحیتیں بڑھانے سمیت انہیں جدید اسلحہ اور ضروری وسائل فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی زیر صدارت صوبائی اپیکس کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، کور کمانڈر پشاور اور اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں صوبے سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور دیرپا امن کے قیام کے لیے مؤثر اقدامات کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ شرکا نے دہشت گردوں کے خلاف انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائیاں جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔
اجلاس کے اعلامیے کے مطابق اپیکس کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ خیبرپختونخوا میں امن و امان کی بہتری کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ پولیس اور سی ٹی ڈی کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے کے لیے جدید آلات، اسلحہ اور دیگر ضروری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
کمیٹی نے پولیس کو بکتر بند گاڑیاں، دیگر ضروری گاڑیاں اور مطلوبہ افرادی قوت مہیا کرنے کا بھی فیصلہ کیا۔ اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ دہشت گردی کا خاتمہ اور پائیدار امن کا قیام تمام ریاستی اداروں کی مشترکہ ترجیح ہے، جس کے لیے مربوط کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔
اجلاس میں خیبرپختونخوا کے عوام کو درپیش تعلیم، صحت اور معیارِ زندگی سے متعلق مسائل کے حل پر بھی توجہ دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس حوالے سے پسماندہ اور دہشت گردی سے متاثرہ علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے پر اتفاق کیا گیا تاکہ عوام کی مشکلات کم کرنے کے ساتھ ساتھ ان کا معیارِ زندگی بہتر بنایا جاسکے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں