نانا پاٹیکر کی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آگئی، موت کی وجہ بھی معلوم ہوگئی

معروف بھارتی اداکار نانا پاٹیکر کی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آگئی ہے، جس میں ان کی موت کی وجہ دل کا دورہ قرار دی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق 75 سالہ اداکار 8 اکتوبر کو اپنی رہائش گاہ پر دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کرگئے تھے۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بھی ان کی موت کی وجہ دل کی شریان میں خون کا لوتھڑا پھنسنے سے دل کو خون کی فراہمی متاثر ہونا بتائی گئی ہے۔
بھارتی خبر رساں ادارے پی ٹی آئی کے مطابق گوا میڈیکل کالج اینڈ اسپتال کے ایک سینئر ڈاکٹر نے بتایا کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں موت کی وجہ دل کی شریان میں خون کا لوتھڑا بننا قرار دی گئی، جس کے باعث دل تک خون کی مناسب فراہمی متاثر ہوئی۔
ڈاکٹروں کے مطابق نانا پاٹیکر کی دیکھ بھال پر مامور شخص نے ان کی طبیعت بگڑنے پر ایمبولینس طلب کی تھی، جس کے بعد طبی امداد کے لیے ایمبولینس ان کی رہائش گاہ روانہ کردی گئی۔
طبی عملے نے اداکار کو بچانے کے لیے تقریباً 45 منٹ تک سی پی آر کیا، تاہم ان کی جان نہ بچائی جاسکی۔ بعد ازاں انہیں صبح 5 بج کر 10 منٹ پر مردہ قرار دے دیا گیا۔
نانا پاٹیکر کے بیٹے ملہار اپنے والد کی میت وصول کرنے کے لیے گوا پہنچے۔ میت کو پہلے پونے لے جایا گیا، جس کے بعد ڈونجے گاؤں میں واقع ان کے فارم ہاؤس منتقل کردیا گیا، جہاں سرکاری اعزاز کے ساتھ ان کی آخری رسومات ادا کی گئیں۔
واضح رہے کہ نانا پاٹیکر نے 1978 میں مظفر علی کی فلم ’گامن‘ کے ذریعے ہندی فلم انڈسٹری میں قدم رکھا تھا۔ بعد ازاں انہوں نے فلم ’پراہار: دی فائنل اٹیک‘ کے ذریعے ہدایت کاری کے میدان میں بھی قدم رکھا، جس میں انہوں نے ایک فوجی افسر کا کردار بھی نبھایا۔
اداکار آخری مرتبہ 2026 میں ریلیز ہونے والی فلم ’صوبیدار‘ میں مختصر کردار میں دکھائی دیے، جس میں انیل کپور اور رادھیکا مدن نے بھی اہم کردار ادا کیے۔ یہ فلم پرائم ویڈیو پر ریلیز ہوئی تھی۔

شیئر کریں

:مزید خبریں