ملتان دھماکا کیس میں اہم پیشرفت، کباڑیوں سمیت 6 افراد گرفتار، بیٹا سپردِ خاک

ملتان(نمائندہ خصوصی)تھانہ سیتل ماڑی کے علاقہ نیک ٹاؤن کے گھر میں آتش گیر مواد پھٹنے سے ماں بیٹے کے جاں بحق ہونے کامعاملہ،پولیس نے تحقیقات کا آغاز کرتے ہوئے چھ افراد کو حراست میں لے لیا ہے جن سے تفتیش کا عمل جاری ہے ، واضح رہے کہ ہفتے کے روز نیک ٹائون میں ایک گھرمیں دھماکا ہوا جس میں نصرت بی بی اور اسکا بیٹا انس موقع پر جاں بحق ہوگئے تھے ۔گھر میں ہونے والے اس پراسرار دھماکے پر پولیس اور سکیورٹی اداروں کی جانب سے کی گئی ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی کہ بچہ گھر کے قریب ایک کباڑیے کی دکان سے گیند نما لوہے کی چیز گھر میں لایا جس سے کھیلتے ہوئے وہ پھٹی اود خوفناک دھماکا ہوا ۔گھر کی دیواروں اور دیگر اشیا پر بننے والے نشانات سے معلوم ہوا کہ یہ دھماکا خیز موادتھاجس پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے سیتل ماڑی کے علاقہ سے کباڑیوں و دیگر مشکوک افراد کو حراست میں لیا ہے۔ دکانوںومکانوں کی چھان بین بھی کی گئی ہے کہ ایسے کوئی اور دھماکا خیز مواد تو موجود نہیں تاہم اس گیند نما لوہے کی چیز جیسی کوئی اور شے نہ ملی ہے۔ حراست میں لیے گئے افراد سے تحقیقات جاری ہے۔ اس حوالے سے پولیس حکام کی جانب سے تاحال کوئی آفیشل بیان بھی سامنے نہ آیا ہے۔ دوسری جانب پولیس نے پوسٹ مارٹم کے بعد جاں بحق ہونے والے ماںبیٹے کی میتیں ورثا کے حوالے کر دیں اور گزشتہ روز ہی مرحومین کو نماز جنازہ کے بعد سپرد خاک کر دیا گیا ، اس موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں