پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ نیلم منیر نے اپنے پہلے بچے کی پیدائش کی تصدیق کردی ہے۔ اداکارہ نے اپنے بیٹے کا نام محمد حمدان رکھا ہے اور یہ خوشخبری مداحوں کے ساتھ منفرد انداز میں شیئر کی ہے۔
34 سالہ نیلم منیر نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اپنے بیٹے کی پیدائش کی اطلاع دی، جس کے بعد ان کے مداحوں میں جاری قیاس آرائیوں کا خاتمہ ہوگیا۔
اداکارہ نے سوشل میڈیا پر ایک خوبصورت تصویر بھی پوسٹ کی، جس میں وہ اسپتال کے بستر پر موجود ہیں اور اپنے نومولود بیٹے کو گود میں لیے ہوئے دکھائی دے رہی ہیں۔
تصویر کے ساتھ اپنے پیغام میں نیلم منیر نے لکھا کہ وہ لمحہ جب میں کسی کی پوری دنیا بن گئی، الحمدللہ! میرا ننھا شہزادہ محمد حمدان میری وہ دعا ہے جو قبول ہوئی، اور میری زندگی کی سب سے بڑی نعمت ہے۔
اس سے قبل اداکارہ کے شوہر کے ایک قریبی دوست نے بھی سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر بچے کی پیدائش سے متعلق اطلاع شیئر کرتے ہوئے جوڑے کو مبارک باد دی تھی۔
واضح رہے کہ نیلم منیر نے جنوری 2025 میں دبئی میں مقیم پاکستانی کاروباری شخصیت محمد راشد سے شادی کی تھی۔ اب اداکارہ نے اپنے پہلے بچے کی آمد کی خبر مداحوں کے ساتھ شیئر کرکے خوشیوں میں انہیں بھی شریک کرلیا ہے۔







