ملتان میں کباڑ سے ملنے والا دھماکا خیز مواد پھٹ گیا، 12 سالہ بچہ اور والدہ جاں بحق

ملتان (نمائندہ خصوصی،خبرنگار) ملتان کے علاقے نیک ٹاؤن میں گھر کے اندر دھماکا خیز مواد پھٹنے سے خاتون اور اس کا 12 سالہ بیٹا جاں بحق ہو گئے۔ افسوسناک واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ پولیس، ریسکیو 1122، بم ڈسپوزل سکواڈ اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی اہل علاقہ اور قریبی گھروں میں رہنے والے افراد جائے وقوعہ پر جمع ہو گئے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق تھانہ سیتل ماڑی کی حدود میں واقع نیک ٹاؤن کے ایک گھر میں نصرت بی بی اپنے 12 سالہ بیٹے انس کے ہمراہ کمرے میں موجود تھی کہ اچانک زور دار دھماکہ ہوا۔ دھماکے کی آواز دور تک سنی گئی، جس سے گھر کے افراد اور اہل محلہ خوف زدہ ہو گئے۔ اہل خانہ اور مقامی افراد نے موقع پر پہنچ کر دیکھا تو نصرت بی بی اور اس کا کمسن بیٹا دھماکے کے نتیجے میں جاں بحق ہو چکے تھے۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس اورریسکیو اہلکاروں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر ضروری کارروائی شروع کی، جبکہ بم ڈسپوزل سکواڈ سمیت متعلقہ اداروں کی ٹیموں نے بھی شواہد اکٹھے کرنے کا عمل شروع کر دیا ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ گھر میں موجود دھماکا خیز مواد پھٹنے سے دونوں ماں بیٹا جاں بحق ہوئے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق بچے نے یہ مواد قریبی کباڑ کی دکان سے اٹھایا تھا، تاہم مواد کی نوعیت، اس کے وہاں پہنچنے کے اسباب اور دھماکے کے اصل محرکات کا تعین تفتیش مکمل ہونے کے بعد ہی ہو سکے گا۔ متعلقہ ادارے اس پہلو کا بھی جائزہ لے رہے ہیں کہ کباڑ کی دکان پر موجود مواد کس نوعیت کا تھا اور آیا اسے محفوظ طریقے سے رکھا گیا تھا یا نہیں۔ واقعے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقوعہ کا معائنہ کرتے ہوئے شواہد محفوظ کرنا شروع کر دیے ہیں، جبکہ کباڑ کی دکان اور دھماکہ خیز مواد کے حصول سے متعلق پہلوؤں کی بھی چھان بین کی جا رہی ہے۔ پولیس کی جانب سے واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ دھماکے کی وجوہات اور ذمہ داری کا تعین کیا جا سکے۔ ماں اور بیٹے کی المناک ہلاکت پر علاقے میں سوگ کی فضا پھیل گئی جبکہ واقعے نے بچوں کی پہنچ میں آنے والے مشتبہ اور خطرناک مواد کی حفاظت کے حوالے سے بھی تشویش پیدا کر دی ہے۔تفتیشی ذرائع کے مطابق جس جگہ دھماکاخیزموادپھٹاوہ کچن سے کئی فٹ دورہے۔کچن بالکل محفوظ ہے،سلنڈردھماکے کےابتدائی تفتیش میں کوئی شواہدسامنے نہیں آئے۔معلوم ہواہے کہ جاں بحق ہونے والی خاتون سینئرصحافی ونائب صدرملتان پریس کلب حافظ سرفرازانصاری کی بھابی اور12 سالہ بچہ بھتیجاتھا۔صحافی برادری نے شدید دکھ وافسوس کااظہارکیاہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں