پیٹرولیم لیوی ختم کرنے کا ایجنڈا نہیں تو وزیراعظم سے ملاقات کیوں؟ حافظ نعیم

لاہور: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے مطالبہ کیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف پیٹرولیم لیوی کے خاتمے کا اعلان کریں، بصورت دیگر ان سے ملاقات نہیں ہوگی بلکہ سڑکوں پر احتجاج کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ملاقات کا مقصد لیوی ختم کرنا نہیں تو وزیراعظم سے ملنے کا فائدہ کیا ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے اعلان کیا کہ دو روز بعد اجلاس کے بعد جماعت اسلامی کا لانگ مارچ ملتان سے دوبارہ شروع ہوگا اور مختلف سمتوں سے اسلام آباد کی جانب پیش قدمی کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ پیٹرولیم لیوی کے خلاف جماعت اسلامی کی جانب سے اگلے روز اوکاڑہ میں جلسہ بھی منعقد کیا جائے گا۔
حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ جب حکومت سے پیٹرولیم لیوی ختم کرنے کا مطالبہ کیا جاتا ہے تو اسے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی اجازت سے جوڑ دیا جاتا ہے، حالانکہ ان کے مطابق لیوی کے خاتمے کا معاملہ آئی ایم ایف سے مشروط نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت احتجاج اور انتشار کی صورتحال پیدا کرنا چاہتی ہے، تاہم جماعت اسلامی ایسا کوئی قدم نہیں اٹھائے گی۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پیٹرولیم لیوی ختم کرنے کے معاملے پر آئی ایم ایف کی اجازت کا مؤقف اپنایا جاتا ہے، لیکن دوسری جانب بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام جاری ہے۔ ان کا سوال تھا کہ اگر آئی ایم ایف اس پروگرام کی اجازت دیتا ہے تو پیٹرولیم لیوی کے خاتمے پر اعتراض کیوں کیا جاتا ہے؟ انہوں نے الزام لگایا کہ اس پروگرام کے فنڈز میں کرپشن ہوتی ہے اور حکومت کے پاس غربت کے خاتمے کے لیے کوئی مؤثر منصوبہ نہیں۔ ان کے مطابق عالمی بینک کی رپورٹ بھی پاکستان میں غربت بڑھنے کی نشاندہی کرتی ہے۔
حافظ نعیم الرحمن نے ملک کی سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ افراتفری کے ماحول میں گورنر راج اور ایمرجنسی کی باتیں کی جارہی ہیں، جو قابل قبول نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان سمیت کسی بھی شخص کو سیاسی بنیادوں پر قید نہیں ہونا چاہیے اور بانی پی ٹی آئی کو فوری رہا کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اگر عمران خان پر عائد الزامات کی بنیاد پر انہیں جیل میں رکھا گیا ہے تو پھر اسی نوعیت کے الزامات کا سامنا کرنے والے دیگر سیاستدانوں کے معاملے پر بھی یکساں اصول اپنائے جانے چاہئیں۔ حافظ نعیم الرحمن نے پی ٹی آئی کی زیر حراست خواتین کی فوری رہائی کا مطالبہ بھی کیا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں