لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ عوام کو ہر صورت سستا آٹا اور گندم فراہم کی جائے، جبکہ سستے آٹے کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے 10 ارب روپے کی سبسڈی دینے کی منظوری بھی دے دی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس منعقد ہوا، جس میں فلور ملوں کو 3 ہزار 800 روپے فی من کے حساب سے فراہم کی جانے والی سبسڈائزڈ سرکاری گندم کا کوٹہ بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس کے دوران عوام کو سستا آٹا مہیا کرنے کے لیے 10 ارب روپے کی سبسڈی دینے پر اتفاق کیا گیا، جس کی وزیراعلیٰ پنجاب نے باقاعدہ منظوری دے دی۔ اس اقدام کا مقصد شہریوں کو مناسب قیمت پر آٹے کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔
مریم نواز نے ہدایت کی کہ عوام تک سستا آٹا پہنچانے کے لیے تمام دستیاب وسائل استعمال کیے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے عوام پر مہنگائی کا بڑھتا ہوا بوجھ انتہائی تکلیف دہ ہے، اس لیے حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے واضح کیا کہ عوام کو سستا آٹا اور سستی روٹی فراہم کرنے کا سلسلہ برقرار رکھا جائے گا اور اس مقصد کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔







