پنجاب میں آج سے 14 اکتوبر تک بارشوں کی پیشگوئی، پی ڈی ایم اے کا الرٹ

ملتان(قوم نیوز)صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے پنجاب بھر میں بارشوں کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا۔پی ڈی ایم اے کے مطابق مغربی ہواؤں کا
سلسلہ ہفتے سے ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے، جس کے باعث آج سے 14 اکتوبر تک صوبے کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔پی ڈی ایم اے کے مطابق لاہور، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاالدین، گجرات اور گوجرانوالہ میں بارش کا امکان ہےجبکہ حافظ آباد، وزیرآباد، قصور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال اور میانوالی میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے۔اسی طرح فیصل آباد، خوشاب، بھکر، سرگودھا، جھنگ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی وقفے وقفے سے بارش ہونے کا امکان ہے۔ مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔پی ڈی ایم اے نے صوبے بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے سیف انور جپہ کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہےجبکہ محکمہ صحت، آبپاشی، تعمیر و مواصلات، بلدیات اور لائیو اسٹاک کے محکموں کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں