پہلا ٹی ٹوئنٹی: پاکستان نے سری لنکا کو 4 وکٹوں سے ہرا دیا

پاکستان نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں سری لنکا کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز کا فاتحانہ آغاز کردیا۔
راولپنڈی: راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی سیریز کے افتتاحی میچ میں پاکستان نے سری لنکا کی جانب سے دیا گیا 183 رنز کا ہدف 19ویں اوور میں 6 وکٹیں گنوا کر حاصل کرلیا۔
پاکستان کی جانب سے کپتان صاحبزادہ فرحان نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 89 رنز اسکور کیے، جبکہ ڈیبیو کرنے والے معاذ صداقت نے 50 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ فخر زمان 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، صائم ایوب نے 8، حسن نواز نے ایک اور شاداب خان نے کوئی رن نہیں بنایا۔
خواجہ نافع 12 اور محمد عمران صفر رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے اور ٹیم کو کامیابی دلانے میں اپنا کردار ادا کیا۔
سری لنکا کی جانب سے ایشان ملنگا اور مہیش ٹھیکشانا نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ نوان تھسارا اور دشمانتا چمیرا ایک، ایک پاکستانی کھلاڑی کو آؤٹ کرنے میں کامیاب ہوئے۔
اس سے قبل سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز بنائے۔
مہمان ٹیم کی جانب سے لہیرو اڈارا نے 91 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی۔ کمنڈو مینڈس نے 23 اور داسن شناکا نے 18 رنز بنائے، جبکہ کامل مشارا 6 اور دُنیتھ ویلالگے 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ کپتان کوشل مینڈس، سہان آراکچگے اور مہیش ٹھیکشانا نے ایک، ایک رن اسکور کیا۔
دشمانتا چمیرا 6 اور ایشان ملنگا ایک رن کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ محمد عمران رندھاوا نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ صائم ایوب، رضا اللہ اور شاداب خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
واضح رہے کہ اس میچ میں پاکستان کی جانب سے محمد عمران رندھاوا اور رضا اللہ نے اپنے انٹرنیشنل کیریئر کا آغاز کیا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں