ڈیرہ غازیخان (بیورورپورٹ) ڈیرہ غازی خان میں دن دہاڑے ایک کروڑ سے زائد مالیت کی ڈکیتی، پولیس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان! ڈیرہ غازی خان میں جرائم پیشہ عناصر کے حوصلے اس قدر بلند ہو چکے ہیں کہ شہریوں کے گھروں کی دہلیز بھی محفوظ دکھائی نہیں دیتی۔ گلشن اعجاز کالونی میں شہر کے معروف ٹرانسپورٹر چوہدری زین کے گھر دن دہاڑے مبینہ ڈکیتی کی واردات نے شہریوں میں خوف و ہراس پھیلا دیا اور پولیس کی کارکردگی پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز دوپہر تقریباً 12 بجے چوہدری زین اپنے بھائی کے ہمراہ گھر میں موجود تھے کہ چار ڈاکوجنہوں نے مبینہ طور پر ہیلمٹ پہن رکھے تھے، گھر میں داخل ہو گئے۔ متاثرہ ٹرانسپورٹر کے مطابق ڈاکوؤں نے خود کو پولیس کا اہلکار ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کا چھاپہ ہے، کوئی حرکت نہ کرنا۔ اس دوران ملزمان نے اسلحہ تان کر اہلِ خانہ کو خوف زدہ کیا اور گھر سے مبینہ طور پر 19 لاکھ روپے نقدی اور 20 تولے سونا لوٹ کر فرار ہو گئے۔متاثرہ خاندان کے مطابق لوٹے گئے سامان کی مالیت ایک کروڑ روپے سے زائد بتائی جا رہی ہے۔ واقعے کا مقدمہ تھانہ گدائی میں درج کر لیا گیا ہے۔







