میپکو کی فرضی کاروائیاں، ہزاروں نادہندگان کے کنکشنز کاغذوں میں منقطع، موقع پر بجلی بحال

ملتان ( قوم ریسرچ سیل)میپکو میں نادہندگان کے کنکشن کاغذوں میں منقطع، موقع پر بجلی بحال رہنے کا انکشاف،ذرائع کے مطابق میپکو میں ہزاروں نادہندگان کے بجلی کنکشنز مبینہ طور پر کاغذوں میں منقطع کیے جانے جبکہ موقع پر بجلی کی فراہمی جاری رہنے کا انکشاف ہوا ہے۔ میپکو ذرائع کے مطابق نادہندگان کے خلاف مہم کے دوران لائن سٹاف کی جانب سے مختلف کیسز میں موقع پر میٹر اتارنے یا کنکشن مکمل طور پر منقطع کرنے کے بجائے صرف ریکارڈ میں ای آر او کیے جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جس کے نتیجے میں محکمہ کے ریکارڈ میں صارف نادہندہ ہونے کے باوجود موقع پر بجلی استعمال کرتا رہتا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ متعلقہ حکام کو رپورٹ میں کنکشن منقطع کیے جانے کی اطلاع دے دی جاتی ہے، تاہم مختلف کیسز میں عملی طور پر بجلی کی فراہمی منقطع نہیں ہوتی۔ اس صورتحال کا ایک سنگین پہلو یہ بھی ہے کہ جب بعد ازاں ایسے صارفین کے لیے ریکنیکشن آرڈر (آر سی او) جاری ہوتا ہے تو گزشتہ عرصے کے دوران استعمال ہونے والے یونٹس یکمشت بلنگ میں شامل ہو جاتے ہیں، جس سے صارفین پر غیر معمولی مالی بوجھ پڑ سکتا ہے۔ ذرائع کے مطابق بجلی کے ٹیرف میں یونٹس کی مختلف سلیبز کے باعث 200 یونٹس سے تجاوز کرنے کے بعد بل میں نمایاں اضافہ ہوتا ہےجبکہ زیادہ یونٹس کی صورت میں ٹیکسز اور دیگر واجبات بھی بڑھ جاتے ہیں، چنانچہ اگر کئی ماہ کے یونٹس یکمشت بل میں شامل ہوں تو صارف کو کئی گنا زیادہ رقم کا بل موصول ہو سکتا ہے۔ متاثرہ صارفین بعد ازاں میپکو کے مختلف دفاتر کے چکر لگانے پر مجبور ہوتے ہیں، تاہم مختلف کیسز میں ان کی شکایات کے ازالے میں تاخیر کی شکایات بھی سامنے آتی ہیں۔ ذرائع کے مطابق آپریشن افسران، میپکوکے چیف ایگزیکٹو اورایس ایزکی جانب سے بارہا ہدایات جاری کی جاتی ہیں کہ نادہندگان کے کنکشن موقع پر منقطع کرکے ای آر او کیے جائیں، تاہم لائن سٹاف کی شدید کمی کے باعث تمام نادہندگان کے کنکشنز کو مقررہ طریقہ کار کے مطابق موقع پر منقطع کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک طرف میپکو انتظامیہ کی جانب سے نادہندگان کے خلاف سخت کارروائی کے احکامات جاری ہیں تو دوسری جانب فیلڈ میں افرادی قوت کی کمی کے باعث عملی مشکلات موجود ہیں۔ اس صورتحال کے باعث یہ سوال بھی اٹھ رہا ہے کہ اگر کسی نادہندہ کا کنکشن ریکارڈ میں منقطع ظاہر کیا گیا ہو تو موقع پر بجلی کی فراہمی جاری رہنے کی صورت میں ذمہ داری کس افسر یا اہلکار پر عائد ہوتی ہے اور ایسے کیسز کی مانیٹرنگ کا مؤثر نظام کیا ہے۔ رابطہ کرنے پر میپکو حکام نے موقف میں بتایا کہ تمام نادہندگان کے کنکشنز بلاامتیاز منقطع کیے جا رہے ہیں اور اس حوالے سے کسی قسم کی غفلت، لاپرواہی یا بے ضابطگی ثابت ہونے کی صورت میں متعلقہ اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جاتی ہے۔ میپکو حکام کے مطابق نادہندگان کے خلاف کارروائی مقررہ طریقہ کار کے مطابق جاری ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں