ایچ ای سی:جامعات میں ٹی ٹی ایس اساتذہ تنخواہوں میں اضافہ،7لاکھ تک پہنچ گئی

ملتان(خصوصی رپورٹر)ایچ ای سی کا یونیورسیٹوں میں ٹی ٹی ایس اساتذہ کی تنخواہوں میں اضافے کا اعلان، نئی سلیب جاری تفصیل کے مطابق ہائر ایجوکیشن کمیشن
(ایچ ای سی) نے ملک بھر کی جامعات میں ٹینور ٹریک سسٹم (ٹی ٹی ایس) کے تحت خدمات انجام دینے والے اساتذہ کی تنخواہوں میں اضافے کے لیے نئی تنخواہوں کی سلیب جاری کر دی ہے۔ نئی تنخواہیں یکم جولائی 2026 سے نافذ العمل ہوں گی جبکہ 30 جون 2026 تک ٹی ٹی ایس پر کام کرنے والے اساتذہ کی تنخواہیں نئی سلیب کے مطابق ایڈجسٹ کی جائیں گی۔ایچ ای سی کی جانب سے جاری کردہ نئی تنخواہوں کے مطابق ٹی ٹی ایس پروفیسر کی کم از کم ماہانہ تنخواہ 4 لاکھ 7 ہزار 220 روپے جبکہ زیادہ سے زیادہ ماہانہ تنخواہ 7 لاکھ 12 ہزار 30 روپے مقرر کی گئی ہے۔اسی طرح ایسوسی ایٹ پروفیسر کے لیے کم از کم تنخواہ 3 لاکھ 70 ہزار 810 روپے اور زیادہ سے زیادہ 6 لاکھ 45 ہزار 610 روپے مقرر کی گئی ہے۔اسسٹنٹ پروفیسر کی نئی تنخواہوں کی سلیب کے تحت کم از کم ماہانہ تنخواہ 2 لاکھ 88 ہزار 20 روپے جبکہ زیادہ سے زیادہ ماہانہ تنخواہ 5 لاکھ 53 ہزار 820 روپے مقرر کی گئی ہے۔ایچ ای سی کے مطابق 30 جون 2026 تک ٹی ٹی ایس کے تحت خدمات انجام دینے والے اساتذہ کی تنخواہیں نئی منظور شدہ سلیب کے مطابق ایڈجسٹ کی جائیں گی۔ اس طرح موجودہ ٹی ٹی ایس فیکلٹی کو بھی یکم جولائی 2026 سے نظرثانی شدہ تنخواہوں کا اطلاق ہوگا۔نئی تنخواہوں کی سلیب کے تحت ٹی ٹی ایس پروفیسرز کے لیے کم از کم اور زیادہ سے زیادہ تنخواہ کے درمیان فرق 3 لاکھ 4 ہزار 810 روپے، ایسوسی ایٹ پروفیسرز کے لیے 2 لاکھ 74 ہزار 800 روپے جبکہ اسسٹنٹ پروفیسرز کے لیے 2 لاکھ 65 ہزار 800 روپے ہے۔ایچ ای سی نے واضح کیا ہے کہ نئی تنخواہوں کے نتیجے میں پیدا ہونے والے اضافی مالی اخراجات متعلقہ جامعات اپنے ذاتی/اندرونی مالی وسائل سے برداشت کریں گی۔ اس مقصد کے لیے جامعات کو اضافی مالی وسائل ایچ ای سی کی جانب سے فراہم نہیں کیے جائیں گے۔نئی تنخواہوں کی سلیب کے اجرا کے بعد ٹی ٹی ایس کے تحت کام کرنے والے اساتذہ کی ماہانہ تنخواہوں میں نظرثانی کا عمل متعلقہ جامعات کی جانب سے شروع کیا جائے گاجبکہ اساتذہ کو یکم جولائی 2026 سے نئی سلیب کے مطابق مالی فوائد فراہم کیے جائیں گے۔ٹی ٹی ایس کا مقصد جامعات میں اعلیٰ معیار کے اساتذہ اور محققین کی خدمات حاصل کرنا اور انہیں کارکردگی، تحقیق اور تدریسی معیار کی بنیاد پر نسبتاً مسابقتی معاوضہ فراہم کرنا ہے۔ نئی تنخواہوں کی سلیب کو اسی نظام کے تحت کام کرنے والے اساتذہ کے مالی پیکیج پر نظرثانی کے اقدام کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں