بالی ووڈ کے معروف اداکار سلمان خان نے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ذریعے جعلی ویڈیوز اور آوازیں تیار کرنے والوں پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔
سلمان خان نے اپنے رئیلیٹی شو ’بگ باس 20‘ میں گفتگو کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر اے آئی کے ذریعے تیار کیے جانے والے جعلی مواد کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
اداکار کا کہنا تھا کہ کسی شخص کی ویڈیو تیار کرنا یا اے آئی کے ذریعے اس کی آواز میں تبدیلی کرنا درست عمل نہیں۔ ان کے مطابق مصنوعی ذہانت اس قدر ترقی کرچکی ہے کہ اس کے غلط استعمال کی صورتحال انتہائی تشویشناک اور سنجیدہ معاملہ بن چکی ہے۔
سلمان خان نے کہا کہ اگر کوئی شخص کوئی بات کرے اور بعد میں اے آئی کے ذریعے اس میں ردوبدل کرکے اسے کسی دوسرے شخص سے منسوب کردیا جائے یا کسی کو گالی دلوائی جائے تو یہ انتہائی غلط ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگ اے آئی کے ذریعے ایسی ویڈیوز تیار کررہے ہیں جن سے حقیقت اور جعلی مواد میں فرق کرنا مشکل ہوجاتا ہے۔
سلمان خان نے انکشاف کیا کہ وہ خود بھی اے آئی سے تیار کردہ جعلی مواد کا نشانہ بن چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ یہ نہیں جانتے کہ ویڈیو اے آئی کے ذریعے بنائی گئی ہے، وہ اسے حقیقی سمجھ کر آگے شیئر کرسکتے ہیں اور یہ تاثر پیدا ہوسکتا ہے کہ سلمان خان واقعی وہاں موجود تھے۔
اداکار نے کہا کہ جو لوگ حقیقت جانتے ہوئے بھی اس نوعیت کی جعلی ویڈیوز بناتے ہیں، ان کے عمل پر سوال اٹھنا چاہیے۔
سلمان خان نے مزید کہا کہ ایسے افراد کو جیل بھیجنے سمیت سخت کارروائی ہونی چاہیے، کیونکہ جب تک ایک دو افراد کو سزا نہیں ملے گی، یہ سلسلہ رکنے والا نہیں۔ انہوں نے اے آئی کے غلط استعمال کی روک تھام کے لیے قانون سازی اور سوشل میڈیا پر مؤثر نگرانی کے نظام کی ضرورت پر بھی زور دیا۔







