صوبے میں گورنر راج کی دھمکیوں پر اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹیں گے: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا

پشاور: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ صوبے میں گورنر راج یا ایمرجنسی کی دھمکیوں کے باعث وہ اپنے مؤقف سے دستبردار نہیں ہوں گے۔
خیبر پختونخوا میں امن و امان سے متعلق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ صوبے کے عوام، پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے قیام امن کے لیے بڑی قربانیاں دی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ان کی تجویز کردہ پالیسی پر مؤثر انداز میں عمل کیا جائے تو 100 دن کے اندر خیبر پختونخوا میں امن قائم کیا جاسکتا ہے۔
وزیراعلیٰ نے زور دیا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے کر مشترکہ پالیسی تشکیل دی جائے اور اس پر عملی اقدامات کیے جائیں۔ ان کے مطابق خیبر پختونخوا کو سیاسی اختلافات کی نذر کرنا درست نہیں، اس لیے پالیسی میں تبدیلی کی ضرورت ہے۔
سہیل آفریدی نے واضح کیا کہ گورنر راج یا ایمرجنسی سے متعلق دھمکیوں کے باوجود وہ اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام کی خواہش اور عوامی مینڈیٹ کے خلاف اٹھایا جانے والا کوئی بھی اقدام قابل قبول نہیں ہوگا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں