رحیم یارخان(بیورو رپورٹ) بلوچستان کے علاقہ نانا صاحب میں سڑک تعمیر کرنیوالے کمپنی کے کیمپ پر دہشت گردوں کے حملے میں اغواہونیوالے 18 مزدور وں میں سے8 کا تعلق رحیم یارخان کی تحصیل صادق آباد کی ڈاہر برادری سے نکلا، مزدوروں کی اغواء کی خبر ملتے ہی علاقہ میں تشویش کی لہر دوڑ گئی،ورثاء نے مزدوروں کی بحفاظت بازیابی کا مطالبہ کردیا۔تفصیل کے مطابق بلوچستان کے ضلع دُکی کے علاقے نانا صاحب زیارت میں سڑک تعمیر کرنے والی کمپنی کے کیمپ پر مسلح افراد کے حملے کے بعد 18 محنت کش مزدوروں کے اغوا کی اطلاع نے ملک بھر میں تشویش کی لہر دوڑا دی جبکہ مغویوں میں رحیم یار خان کی تحصیل صادق آباد کے علاقے چوک چدھڑ کی بستی متھ خان، موضع اللہ آباد کے 8 محنت کش بھی شامل ہیں۔ واقعہ کے بعد مغوی مزدوروں کے گھروں میں کہرام مچ گیا اور اہلخانہ اپنے پیاروں کی سلامتی کے حوالے سے شدید پریشانی میں مبتلا ہیں۔رحیم یار خان کے مبینہ طور پر اغوا ہونے والے مزدوروں میں سکندر خان ڈاہر ولد سلمان خان ڈاہر، نعمان ڈاہر ولد اعظم خان ڈاہر، شمن علی ڈاہر ولد اعظم خان ڈاہر، نعیم خان ڈاہر ولد ولی محمد ڈاہر، سمی خان ڈاہر ولد ولی محمد ڈاہر، افتاب ڈاہر ولد شبیر احمد ڈاہر، باسط علی ڈاہر ولد حاکم خان ڈاہر اور ارشاد احمد ڈاہر ولد صاحب خان ڈاہر شامل ہیںان تمام افراد کا تعلق چوک چدھڑ کےعلاقہ متھ خان موضع الہ آباد سے ہے مغوی مزدوروں کے اہلخانہ نے حکومت پاکستان، حکومت بلوچستان، افواج پاکستان، سکیورٹی فورسز، پولیس اور تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں سے پُرزور مطالبہ کیا ہے کہ مغوی محنت کشوں کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں اور انہیں جلد از جلد بحفاظت بازیاب کرایا جائے۔دوسری جانب اطلاعات کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے واقعہ کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔







