ملتان (خبر نگار)ملتان میں ڈاکوئوں کی خونریز وارداتیں، مزاحمت پر نوجوان کوقتل کردیا،مختلف واقعات میں ڈاکوئوں کی فائرنگ سے 2 افراد زخمی ہوگئے۔تفصیل کے مطابق تھانہ الپہ کے علاقے مردان پور میں ڈکیتی کی ایک دل دہلا دینے والی واردات کے دوران ڈاکوؤں نے فائرنگ کر کے ایک نوجوان کو قتل کر دیا۔تین نوجوان کرکٹ میچ کھیل کر گھر واپس لوٹ رہے تھے کہ ڈاکوؤں نے انہیں گن پوائنٹ پر روک لیا۔ لوٹ مار کے دوران مزاحمت کرنے پر ملزمان نے سیدھی فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں کاشف ولد شفیع شدید زخمی ہو گیا۔زخمی نوجوان کو تشویش ناک حالت میں فوری طور پر نشتر ہسپتال ملتان منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ ملزمان موٹر سائیکل چھین کر متی تل روڈ کی جانب فرار ہو گئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور سی سی ڈی کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف پہلوؤں سے تفتیش اور چھاپے مارے جا رہے ہیںاور انہیں جلد از جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائےگا۔ دوسری جانب قاسم بیلہ میں مبینہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر عابد کو گولی مار کر زخمی کردیا گیاجبکہ شیر شاہ میں نامعلوم مسلح ملزمان کی فائرنگ سے ناصر زخمی ہوگیا۔ تینوں واقعات کے بعد متعلقہ علاقوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ پولیس نے واقعات کی تحقیقات شروع کرتے ہوئے ملزمان کی تلاش اور شواہد اکٹھے کرنے کا عمل شروع کردیا ہے۔ شہریوں نے بڑھتے ہوئے جرائم پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پولیس حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ڈکیتی اور فائرنگ کی وارداتوں میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کرکے شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔







