ملتان (جنرل رپورٹر)ملتان چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹری کے نومنتخب عہدیداران نے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔ اس سلسلہ میں چیمبر کا سالانہ اجلاس عام مقامی ہوٹل میں منعقد ہواجس میں صنعت و تجارت کی بہتری، ترقی اور خوشحالی کے لیے بھرپور جدوجہد کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس میں الیکشن کمیشن کے رکن مرزا اعجاز نے نومنتخب عہدیداران کی کامیابی کا حتمی اعلان کیاجس کے مطابق خواجہ عمار یاسر صدر، شیخ محمد علی سینئر نائب صدر جبکہ محمد احمد نائب صدر منتخب ہوئے جبکہ ایگزیکٹو کمیٹی کے دیگر ارکان پہلے ہی بلامقابلہ کامیاب ہو چکے ہیں۔اجلاس سے سبکدوش صدر شیخ فہیم ستار نے خطاب کرتے ہوئے اپنے دور صدارت کی کارکردگی سے شرکاء کو آگاہ کیا اور نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد پیش کی۔نومنتخب صدر خواجہ عمار یاسر نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ سب سے پہلے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ اس نے انہیں ملتان چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹری کی صدارت کی ذمہ داری سنبھالنے کا موقع دیا۔ انہوں نے اپنے والد بزرگوار خواجہ محمد شفیق، بزرگوں، ساتھیوں اور تمام ممبران کا اعتماد کرنے پر تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی صرف ان کی نہیں بلکہ پوری تاجر اور صنعتکار برادری کی کامیابی ہے۔انہوں نے کہا کہ ان کے لیے یہ منصب اعزاز سے زیادہ ایک ذمہ داری اور امانت ہے۔ ان کی کوشش ہوگی کہ چیمبر کو مزید فعال، مضبوط اور باوقار ادارہ بنایا جائے اور چھوٹے تاجروں و صنعتکاروں کے مسائل کو متعلقہ حکام تک مؤثر انداز میں پہنچا کر ان کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔ کاروباری ماحول کی بہتری، ٹیکس اور سرکاری اداروں سے متعلق مسائل کا حل، چھوٹے صنعتکاروں کی حوصلہ افزائی، نوجوان کاروباری افراد کے لیے نئے مواقع پیدا کرنا اور ملتان کی معاشی ترقی ان کی ترجیحات میں شامل ہوں گی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ چیمبر کے دروازے ہر ممبر کے لیے کھلے رہیں گے اور ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر اجتماعی مفاد کے لیے کام کیا جائے گا۔سینئر نائب صدر شیخ محمد علی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ممبران کی جانب سے دیا گیا اعتماد ان کے لیے اعزاز کے ساتھ ساتھ ایک بڑی ذمہ داری بھی ہے۔ ان کی کوشش ہوگی کہ صدر چیمبر، دیگر عہدیداران اور تمام ممبران کے ساتھ مل کر چیمبر کی بہتری، تاجر برادری کے مسائل کے حل اور ملتان کی کاروباری و صنعتی ترقی کے لیے بھرپور کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ سب مل کر ایک مضبوط، فعال اور باوقار چیمبر کی تعمیر کے لیے کام کریں گے۔نائب صدر محمد احمد نے کہا کہ نومنتخب عہدیدار کی حیثیت سے ذمہ داری ملنا ان کے لیے بہت بڑا اعزاز ہے۔ وہ صدر، سینئر نائب صدر اور پوری ٹیم کے ساتھ مل کر تاجر برادری کے مسائل کو اجاگر کرنے اور ان کے حل کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ ان کی کوشش ہوگی کہ چیمبر کو مزید فعال اور مضبوط بنایا جائے اور ملتان کی کاروباری و صنعتی برادری کے لیے بہتر مواقع پیدا کیے جائیں۔اجلاس کے دوران ایگزیکٹو کمیٹی کے ارکان کو چیمبر کے بیجز بھی لگائے گئے۔ بیجز حاصل کرنے والوں میں نوفل احمد مرزا، محمد سلیم، سید طٰہٰ احمد، خواجہ عمار یاسر، محمد احمد، شیخ محمد ابراہیم، احمد محبوب، شیخ محمد مرتضیٰ، محمد اویس پرویز، شیخ محمد علی، حسن سعید، احسن نوید، اعجاز علی اور محمد رمضان شامل تھے۔بانی صدر شیخ فیصل سعید نے اجلاس میں شرکت کرنے والے مہمانوں اور تاجر و صنعتکار برادری کے نمائندگان کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر بزرگ تاجر رہنما و چیئرمین آل پاکستان انجمن تاجران خواجہ محمد شفیق نے ملتان چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹری کے بانی صدر شیخ فیصل سعید سمیت دیگر بانی ارکان کو یادگاری شیلڈز بھی تقسیم کیں۔اجلاس میں سبکدوش صدر حافظ عمیر سعید، سینئر نائب صدر محبوب الٰہی شیخ، سیکرٹری جنرل رانا حماد احمد، چوہدری الطاف شاہد، ممتاز علی بابر، چیمبر آف کامرس ملتان کے نومنتخب ایگزیکٹو کمیٹی ارکان چوہدری طارق کریم، خواجہ احمد نبیل، نواب عاطف اشفاق، مرزا شاہد حسین، ملک رمضان بھٹہ، شیخ غلام مرتضیٰ، ظفر اقبال صدیقی، احتشام الحق، شیخ توقیر احمد، ملک اختر حسین سمیت دیگر تاجر و صنعتکاروں نے شرکت کی۔







