ایران کو پسماندگی کی طرف دھکیلنے کی کوشش ناکام ہوگئی، بحیرہ عرب بھی دشمن سے پاک ہوگا: مجتبیٰ خامنہ ای

ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا ہے کہ امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران کو دوبارہ پسماندگی کی طرف لے جانے کی کوشش کامیاب نہیں ہوسکی، جبکہ وہ وقت بھی زیادہ دور نہیں جب بحیرہ عرب سے بھی دشمن قوتوں کا خاتمہ ہوجائے گا۔
آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای نے یہ بیان ڈیفنس ویک اور حزب اللہ کے سابق سربراہ سید حسن نصراللہ کی دوسری برسی کے موقع پر جاری پیغام میں دیا۔
ایرانی سپریم لیڈر کے مطابق بعض حلقے ایران کو دنیا کی چوتھی سپر پاور قرار دے رہے ہیں، تاہم ان کا کہنا تھا کہ اللہ نے چاہا تو ایران اس سے بھی بڑی طاقت بنے گا۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں ایران کے جنوبی سمندری علاقوں میں دشمن قوتوں کی موجودگی تھی، لیکن آبنائے ہرمز کے محافظوں اور ایرانی جنگجوؤں کی کارروائیوں کے باعث اب دشمن بحیرہ عرب سے آگے بڑھنے کی جرات نہیں کرتے۔
مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا کہ ایران ان حالات کی طرف واپس نہیں جائے گا جو اس کے دشمن دیکھنا چاہتے ہیں۔ ان کے بقول امریکا اور اسرائیل کی ایران کو پسماندگی، محکومی اور انحصار کی جانب دھکیلنے کی کوشش ناکام ہوچکی ہے۔
ایرانی سپریم لیڈر نے مزید کہا کہ دشمن قوتوں کے لیے بحیرہ عرب میں بھی موجود رہنا زیادہ دیر ممکن نہیں ہوگا اور یہ سمندری خطہ بھی ان سے پاک ہوجائے گا۔
مجتبیٰ خامنہ ای نے سید حسن نصراللہ کو عرب دنیا کا ہیرو، کمانڈر اور مزاحمتی محاذ کی ایک بڑی علامت قرار دیتے ہوئے ان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں