لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے ان خبروں کی تردید کی ہے کہ حکومت سے کسی بیک ڈور رابطے کے نتیجے میں 27 ستمبر کا لانگ مارچ مؤخر کیا گیا۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ لانگ مارچ ملتوی کیے جانے کے باوجود حکومت کی جانب سے اب تک مذاکرات کے حوالے سے کوئی واضح اشارہ نہیں ملا، تاہم پارٹی نے حکومت کو مزید مہلت دی ہے تاکہ وہ اپنے فیصلوں پر دوبارہ غور کرسکے۔
انہوں نے واضح کیا کہ 27 ستمبر کا لانگ مارچ کسی خفیہ یا بیک ڈور رابطے کی بنیاد پر ملتوی نہیں کیا گیا بلکہ یہ پارٹی کا اپنا فیصلہ تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر حکومت کے ساتھ کوئی بات چیت ہوگی تو اس حوالے سے علامہ راجہ ناصر عباس اور محمود خان اچکزئی موجود ہیں، جبکہ کسی بھی رابطہ کاری کا فوری طور پر منظرعام پر آنا ضروری نہیں۔
سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ ملک میں دہشتگردی کی حالیہ لہر اس امر کی متقاضی ہے کہ تمام فریق ایک ساتھ بیٹھ کر بات کریں۔ اگر مذاکرات کے نتیجے میں کوئی فیصلہ طے پاتا ہے تو تحریک انصاف اس کی پاسداری کرے گی۔
انہوں نے ایک بار پھر مطالبہ دہرایا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کیا جائے۔







