جمائما گولڈ اسمتھ نے دوسری شادی کی تصاویر شیئر کردیں، تاریخ بھی سامنے آگئی

سابق وزیراعظم عمران خان کی سابقہ اہلیہ اور معروف فلم پروڈیوسر جمائما گولڈ اسمتھ نے اپنی دوسری شادی کی تصدیق کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر شادی کی تصاویر بھی شیئر کردی ہیں۔
برطانوی اخبار ڈیلی میل نے چند روز قبل دعویٰ کیا تھا کہ 52 سالہ جمائما گولڈ اسمتھ نے گزشتہ ہفتے کے آخر میں 62 سالہ بزنس مین کیمرون او ریلی سے شادی کرلی ہے۔ اب جمائما نے خود سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے اس خبر کی باضابطہ تصدیق کردی ہے۔
جمائما نے انسٹاگرام پر شادی کی تصاویر شیئر کیں، جن میں ان کے دونوں بیٹے اور قریبی دوست بھی ان کے ہمراہ موجود دکھائی دیے۔ پوسٹ میں انہوں نے شادی کی تاریخ 12 ستمبر 2026 درج کرتے ہوئے اس خاص دن کو یادگار اور خوشیوں سے بھرپور بنانے والے تمام افراد کا شکریہ بھی ادا کیا۔
جمائما کے شوہر کیمرون او ریلی کون ہیں؟
آئرش نژاد آسٹریلوی شہری کیمرون او ریلی آنجہانی میڈیا ٹائیکون اور معروف رگبی کھلاڑی سر انتھونی او ریلی کے صاحبزادے ہیں۔
آکسفورڈ یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کرنے والے کیمرون نے اپنے کیریئر کے ابتدائی عرصے میں والد کے کاروبار سے وابستہ رہتے ہوئے انڈیپنڈنٹ نیوز اینڈ میڈیا اور آسٹریلوی پبلشنگ ادارے اے پی این نیوز اینڈ میڈیا میں کام کیا۔ بعد ازاں انہوں نے نجی سرمایہ کاری کے شعبے میں قدم رکھا اور 2000 میں اے پی این نیوز اینڈ میڈیا کے چیف ایگزیکٹو کے عہدے سے الگ ہوگئے۔
کیمرون نے 2003 میں نجی سرمایہ کاری فنڈ بیارڈ کیپیٹل قائم کیا اور سوئٹزرلینڈ کی میٹرنگ کمپنی لینڈس اینڈ گائر حاصل کی، جس کے بعد وہ اس کے چیف ایگزیکٹو بھی رہے۔ بعد میں 2011 میں توشیبا نے یہ کمپنی 2.3 ارب ڈالر میں خرید لی۔
جمائما اور کیمرون کی ملاقات اس وقت ہوئی جب کیمرون مختلف ڈاکیومنٹریز اور فلموں میں ایگزیکٹو پروڈیوسر کی حیثیت سے کام کررہے تھے۔ دونوں کی ابتدا میں دوستی ہوئی، جو وقت گزرنے کے ساتھ رومانوی تعلق میں تبدیل ہوگئی۔
جمائما کے ایک قریبی دوست نے اس سے قبل بتایا تھا کہ دونوں ایک دوسرے کو طویل عرصے سے جانتے ہیں۔ ان کی ملاقات کام کے سلسلے میں ہوئی تھی اور رومانوی تعلق قائم ہونے سے پہلے دونوں کچھ عرصہ دوست رہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں