’میں ان کی بہن کو تعلیم کے لیے آسٹریلیا لے کر گیا‘، ثاقب چدھڑ کے مومنہ اقبال اور ان کی بہن پر الزامات

مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی ثاقب چدھڑ نے اداکارہ مومنہ اقبال اور ان کی بہن رمشا اقبال کے حوالے سے متعدد سنگین دعوے کیے ہیں۔

مومنہ اقبال اور ثاقب چدھڑ کے درمیان گزشتہ کئی ماہ سے جاری قانونی تنازع میں اس وقت مزید پیش رفت ہوئی جب ثاقب چدھڑ نے ایک تفصیلی انٹرویو میں دونوں بہنوں سے متعلق اپنا مؤقف بیان کیا۔
ثاقب چدھڑ نے دعویٰ کیا کہ رمشا اقبال کو وہ خود اعلیٰ تعلیم کے لیے آسٹریلیا لے کر گئے تھے، جہاں انہوں نے اپنی سکیورٹی کمپنی میں انہیں ملازمت بھی دی۔ ان کے بقول رمشا اقبال نے وہاں ان کے کاروباری پارٹنر کے خلاف مبینہ ہراسانی کا مقدمہ دائر کیا اور ایک ملین ڈالر ہرجانے کا مطالبہ کیا، تاہم بعد میں یہ معاملہ مبینہ طور پر ایک لاکھ 65 ہزار ڈالر میں طے پایا، جو رمشا اقبال پاکستان لے کر آئیں۔
ثاقب چدھڑ نے الزام لگایا کہ بعد ازاں دونوں بہنوں کی جانب سے ان کے خلاف بھی اسی نوعیت کا طریقہ اختیار کرنے کی کوشش کی گئی۔
انہوں نے مومنہ اقبال کی ذاتی زندگی سے متعلق دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ اداکارہ اس بات سے آگاہ تھیں کہ وہ پہلے سے شادی شدہ ہیں، اس کے باوجود وہ ان کی دوسری اہلیہ بننے پر رضامند تھیں۔
ثاقب چدھڑ کے مطابق انہیں مومنہ اقبال کی 2018 میں ہونے والی شادی اور بعد میں طلاق کے بارے میں ابتدا میں علم نہیں تھا، تاہم بعد میں انہیں اس شادی کا پتا چلا اور وہ اداکارہ کے سابق شوہر کے بارے میں بھی جان گئے۔
ثاقب چدھڑ نے مزید دعویٰ کیا کہ مومنہ اقبال کے وکیل کی جانب سے ان سے 20 کروڑ روپے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ ان کے مطابق رقم دینے سے انکار پر 9 کروڑ روپے کی پیشکش کی گئی، جبکہ مومنہ اقبال کی جانب سے 11 کروڑ روپے میں معاملہ طے کرنے کی خواہش ظاہر کی گئی۔
انہوں نے اپنے دعووں کی تائید میں مومنہ اقبال کے وکیل سے ملاقات سے متعلق مبینہ شواہد اور ایک مبینہ صلح نامہ بھی پیش کیا۔
واضح رہے کہ چند ماہ قبل مومنہ اقبال نے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ کے ذریعے دعویٰ کیا تھا کہ انہیں ایک رکن صوبائی اسمبلی کی جانب سے مبینہ طور پر ہراساں کیا جا رہا ہے، جس کے بعد ثاقب چدھڑ کا نام اس معاملے میں سامنے آیا۔
اداکارہ نے معاملہ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) تک پہنچایا، جبکہ ثاقب چدھڑ نے بھی متعلقہ حکام کے سامنے اپنا مؤقف پیش کیا ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں