پاکستان کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں کے نظم و ضبط اور رویے سے متعلق سامنے آنے والی میڈیا رپورٹس کا جائزہ لینے کے لیے انکوائری کا آغاز کردیا ہے۔
پی سی بی کے مطابق معاملے کی تحقیقات بورڈ کے طے شدہ قواعد و ضوابط کے تحت کی جا رہی ہیں، جبکہ انکوائری میں شامل تمام متعلقہ افراد کو اپنا مؤقف پیش کرنے کا مکمل موقع دیا جائے گا۔
کرکٹ بورڈ نے بعض پلیٹ فارمز پر گردش کرنے والی قیاس آرائیوں کو قابلِ اعتماد قرار نہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ غیر مصدقہ اطلاعات کی بنیاد پر کسی نتیجے پر نہ پہنچا جائے۔
ترجمان پی سی بی کا کہنا ہے کہ بورڈ غیر تصدیق شدہ خبروں اور اطلاعات کے حوالے سے فی الحال مزید تبصرہ نہیں کرے گا۔
ذرائع کے مطابق لارڈز ٹیسٹ کے بعد بعض کھلاڑیوں کو وطن واپس بھیجنے اور مبینہ ڈسپلن کی خلاف ورزی کے معاملات بھی انکوائری کا حصہ ہیں۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کے موبائل فون اپنے پاس رکھے جانے کے معاملے کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔







