لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر حماد اظہر کو انسداد دہشتگردی عدالت نے 20 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔
حماد اظہر کے جسمانی ریمانڈ سے متعلق درخواست پر لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت میں سماعت ہوئی، جس کی صدارت جج محمد اکرم نے کی۔ عدالت نے پولیس کی درخواست منظور کرتے ہوئے حماد اظہر کا 20 روزہ جسمانی ریمانڈ دے دیا۔
پولیس کے مطابق حماد اظہر کو گزشتہ روز ملتان سے گرفتار کیا گیا تھا، تاہم لاہور پولیس نے آج ان کی باضابطہ گرفتاری عمل میں لائی۔
پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ حماد اظہر لاہور پولیس کو 18 مقدمات میں مطلوب تھے اور گزشتہ تین برس سے روپوش تھے۔ پولیس نے انہیں انویسٹی گیشن کے مرحلے کے لیے تحویل میں لیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق جسمانی ریمانڈ کے دوران مقدمات سے متعلق تفتیش مکمل کی جائے گی، جس کے بعد چالان انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔







