ملتان (شاہد راجپوت)ملتان چیمبرمیں 70سال بعدتبدیلی آگئی،فرینڈزگروپ کاکلین سویپ، فائونڈرز کاصفایاہوگیا۔ایوانِ تجارت و صنعت ملتان کے انتخابات میں فرینڈز آف ملتان کا کارپوریٹ اورایسوسی ایٹ سیکٹر میں تاریخی کلین سویپ، فاؤنڈر زگروپ کو 12-0 سے شکست ،ایوانِ تجارت و صنعت ملتان کے انتخابات میں فرینڈز آف ملتان نے کارپوریٹ اورایسوسی ایٹ سیکٹر میں زبردست کامیابی حاصل کرتے ہوئے تمام 12 نشستیں اپنے نام کر لیں۔ قبل ازیں نتائج آنےپرکارپوریٹ سیکٹر میں فرینڈز آف ملتان کو 12-0 کی واضح برتری حاصل ہوئی جبکہ مدمقابل فاؤنڈر زگروپ کا کوئی بھی امیدوار کامیابی حاصل نہ کر سکا اور اسے کارپوریٹ سیکٹر کی تمام نشستوں پر شکست کا سامنا کرنا پڑا۔کامیاب امیدواروں میں ندیم احمد شیخ، شیخ فضل الٰہی، خواجہ ریاض حسین صدیقی، حسین احمد فضل، ڈاکٹر محمد شفیق خان پتافی، شیخ عمران ارشد، محمد اسلم بھٹہ، محی الدین اورنگزیب عالمگیر، محمد بلال احمد شیخ، خواجہ محمد عمر، محبوب الہٰی اور محمد اسلم شامل ہیں۔ ان تمام امیدواروں نے کاروباری برادری کے اعتماد پر کامیابی حاصل کی اور کارپوریٹ سیکٹر میں فرینڈز آف ملتان کی پوزیشن کو مزید مستحکم کیا۔کارپوریٹ سیکٹر کی تمام 12 نشستوں پر کامیابی کا اعلان ہوتے ہی انتخابی مقام پر فرینڈز آف ملتان کے حامیوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ ایسوسی ایٹ سیکٹرمیںفرینڈز آف ملتان کے امیدوارعبدالوہاب، خواجہ محمد نبیل، اظہر ممتاز، چوہدری طارق کریم، نواب عاطف اشفاق، حماد احمد میاں، حافظ عمیر سعید، مرزا شاہد حسین، محمد شہزاد کریم، شیخ محمد طاہر، حافظ طارق بشیر چوہدری، حسن اقبال بھی ووٹوں کی بھاری ا کثریت سے کامیاب ہوگئے۔حامیوں نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے، زبردست نعرے بازی کی اور جشن کا ماحول پیدا کیا۔ کامیاب امیدواروں کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے، ایک دوسرے کو مبارکباد دینے کا سلسلہ جاری رہا اور حامیوں نے کامیاب امیدواروں کو کندھوں پر اٹھا کر بھی خوشی کا اظہار کیا۔ انتخابی مقام پر ڈھول، بھنگڑے، نعرے بازی، پھولوں کی پتیوں اور مٹھائیوں کی تقسیم کے باعث جشن کے مناظر دیکھنے کو ملے۔ کہیں گھڑ سواری کے روایتی مظاہرے بھی نظر آئے جس نے کامیابی کے جشن کو مزید رنگین بنا دیا۔فرینڈز آف ملتان کے امیدواروں اور ان کے حامیوں نے کارپوریٹ سیکٹر کی تمام نشستیں جیتنے کو انتخابی میدان میں بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ کاروباری برادری نے ان کے امیدواروں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کامیابی صرف گنتی کی نہیں بلکہ کاروباری برادری کی توقعات، اعتماد اور مستقبل کے لیے دیئے گئے مینڈیٹ کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملتان چیمبر کی ترقی، صنعتی و تجارتی مسائل کے حل، کاروباری دوستی اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے مل کر کام کریں گے۔دوسری جانب فاؤنڈر گروپ کے امیدوار کارپوریٹ سیکٹر کی کسی بھی نشست پر کامیابی حاصل نہ کر سکےجس کے باعث اس شعبے میں فرینڈز آف ملتان کو مکمل برتری حاصل ہوئی۔ اس نتیجے کو سیاسی و کاروباری حلقوں میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق کارپوریٹ سیکٹر میں 12-0 کی کامیابی فرینڈز آف ملتان کے لیے بڑا اعتماد اور فاؤنڈر گروپ کے لیے سنجیدہ غور و فکر کا پیغام ہے۔مجموعی طور پر ایوانِ تجارت و صنعت ملتان کے انتخابات میں کارپوریٹ سیکٹر کے نتائج نے فرینڈز آف ملتان کی مضبوط پوزیشن کو واضح کر دیا ہے۔اب کاروباری برادری کی نظریں منتخب قیادت کی کارکردگی پر ہوں گی جس سے توقع کی جا رہی ہے کہ وہ ملتان کے تجارتی و صنعتی مفادات کے تحفظ اور ترقی کے لیے مؤثر کردار ادا کرے گی۔







