بہاول پور(ڈپٹی بیورو چیف،ڈسٹرکٹ رپورٹر) تحصیلدار سٹی وسیم اکرم کے خلاف بڑا ایکشن،کمشنر بہاولپور ڈویژن نے خدمات فوری طور پر سرنڈر کر دیں، بورڈ آف ریونیو پنجاب کو رپورٹ کرنے کی ہدایت، تفصیل کے مطابق کمشنر بہاولپور ڈویژن کی جانب سے تحصیلدار بہاولپور سٹی وسیم اکرم کے خلاف مبینہ مالی بے ضابطگیوں، بدعنوانی سے متعلق عوامی شکایات، فرائض میں غفلت، بدانتظامی اور غیر حاضری کے الزامات پر بڑا انتظامی اقدام سامنے آیا ہے۔کمشنر بہاولپور ڈویژن کی جانب سے 24 اگست 2026 کو سیکرٹری ریونیو، بورڈ آف ریونیو پنجاب لاہور کو جاری کیے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ڈپٹی کمشنر بہاولپور اور اسسٹنٹ کمشنر بہاولپور سٹی کی رپورٹس کے مطابق تحصیلدار وسیم اکرم ایسی سرگرمیوں میں ملوث پائے گئے جو عدم کارکردگی، مس کنڈکٹ اور ڈیوٹی سے دانستہ غیر حاضری کے زمرے میں آتی ہیں۔مراسلے کے مطابق مذکورہ افسر کے خلاف مالی بے ضابطگیوں سے متعلق متعدد عوامی شکایات بھی موصول ہو رہی تھیں، جس کے باعث ان کی کارکردگی اور طرزِ عمل کے حوالے سے متعلقہ افسران نے ان کی خدمات سرنڈر کرنے کی سفارش کی۔کمشنر بہاولپور ڈویژن نے مذکورہ سفارشات کی روشنی میں وسیم اکرم، تحصیلدار بہاولپور سٹی کی خدمات فوری طور پر سرنڈر کرتے ہوئے انہیں بورڈ آف ریونیو پنجاب لاہور میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی ہے۔مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ بہاولپور ڈویژنل ہیڈکوارٹر کا اہم عہدہ ہونے کے باعث تحصیلدار بہاولپور سٹی کی خالی ہونے والی نشست پر کسی موزوں افسر کی تعیناتی کی جائے۔







