مصباح الحق کا استعفیٰ، پاکستان کرکٹ میں بحران مزید گہرا ہوگیا

پاکستان کرکٹ میں حالیہ تبدیلیوں کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال مزید سنگین ہوگئی ہے۔ سینئر سلیکٹر، قومی اکیڈمی کے کنسلٹنٹ اور کوچ مصباح الحق نے پاکستان کرکٹ بورڈ سے اختلافات کے بعد اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مصباح الحق نے اپنا استعفیٰ ای میل کے ذریعے پی سی بی کو ارسال کردیا ہے۔ انہوں نے لاہور میں قائم نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں بیٹنگ کنسلٹنٹ کی ذمہ داری سے بھی الگ ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے مصباح الحق کو سرفراز احمد کے ہمراہ سلیکشن کمیٹی کا حصہ بنایا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مصباح الحق نے دورہ انگلینڈ کے لیے منتخب کیے جانے والے کھلاڑیوں کے معاملے میں مناسب مشاورت نہ کیے جانے پر عہدہ چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔
دوسری جانب لارڈز ٹیسٹ سے جڑے تنازع کے مرکز میں رہنے والے اوپننگ بیٹر امام الحق بھی خاموشی سے لاہور پہنچ گئے۔ ذرائع کے مطابق وہ چہرے پر ماسک لگائے سکیورٹی کے حصار میں ایئرپورٹ کے ڈپارچر لاؤنج سے باہر نکلے۔
لندن سے امام الحق کے ہمراہ پاکستان آنے والے محمد رضوان نے دوحا سے اسلام آباد کی پرواز اختیار کی اور وہ بھی خاموشی سے وطن واپس پہنچ گئے۔
ذرائع کے مطابق مصباح الحق نے پی سی بی کو ایک ماہ کے نوٹس پیریڈ سے متعلق بھی آگاہ کردیا ہے، جس کے مکمل ہونے کے بعد وہ بورڈ سے باضابطہ طور پر علیحدہ ہوجائیں گے۔
ایک اور ذریعے کے مطابق ٹیم سلیکشن کے حوالے سے مصباح الحق سے بعض وضاحتیں طلب کی گئی تھیں، جس کے بعد انہوں نے عہدے سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کیا۔ مصباح الحق نے عاقب جاوید کے ہمراہ پریس کانفرنس میں ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے خلاف سیریز کے لیے قومی ٹیموں کا اعلان بھی کیا تھا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں